چین میں سالانہ آئس فیسٹیول کا آغاز
ہاربن میں سالوں سے منعقد ہونے والے اس فیسٹیول میں عوام کی بڑی تعداد شریک ہوتی ہے۔
چین کے شہر ہاربن میں برف سے بنی بلند و بالا عمارتوں اور محلات کے سالانہ آئس فیسٹیول کا آغاز ہوگیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کی رپورٹ کے مطابق چین کے شمال مشرقی شہر میں سالوں سے منعقد ہونے والے اس فیسٹیول میں عوام کی بڑی تعداد شریک ہوتی ہے اور کورونا وائرس کے کچھ کیسز کے باوجود اس کا انعقاد کیا گیا ہے۔
اس سالانہ آئس فیسٹیول کی تیاریاں ہفتوں قبل ہی شروع ہوگئی تھیں جس کے لیے ورکرز سونگہوا دریا کی سطح سے لاکھوں مکعب فٹ اسنو اس فیسٹیول کے لیے لے کر آئے۔
رات کی روشنی میں برف سے بنے یہ خوبصورت محلات فیسٹیول میں آنے والے سیاحوں کو محظوظ کر رہے ہیں، جس میں شرکت کے لیے کانٹیکٹ ٹریسنگ ایپ پر 'ہیلتھ کوڈ' دکھانا اور داخل ہونے سے قبل درجہ حرارت چیک کرانا لازمی ہے۔