لائف اسٹائل

سجل علی کے بعد شبانہ اعظمی بھی جمائما کی فلم میں کاسٹ

سجل علی فلم ساز شیکھر کپور کی ہولی وڈ فلم واٹس لو گاٹ ٹو ڈو ود اٹ کے ذریعے ہولی وڈ ڈیبیو کرنے جا رہی ہیں۔

تین دن قبل ہی یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پاکستانی اداکارہ سجل علی کو بھی برطانوی فلم و ڈراما ساز جمائما خان کی آنے والی فلم 'واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ' (What's Love Got To Do With It) میں کاسٹ کرلیا گیا۔

تاہم اب خبر سامنے آئی ہے کہ بولی وڈ اداکارہ شبانہ اعظمی کو بھی مذکورہ فلم میں کاسٹ کرلیا گیا ہے۔

شوبز ویب سائٹ ورائٹی کے مطابق بھارتی فلم ساز شیکھر کپور کی ہدایت کاری میں بننے والی رومانٹک کامیڈی فلم میں شبانہ اعظمی کو بھی کاسٹ کرلیا گیا، تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ وہ کیسا کردار ادا کریں گی۔

شبانہ اعظمی کے علاوہ روب بریڈن کو بھی کاسٹ کیا گیا ہے جب کہ حال ہی میں اس بات کی تصدیق ہوئی تھی کہ سجل علی بھی مذکورہ فلم کا حصہ ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں: جمائما برطانوی و ایشیائی جوڑے کی شادی پر فلم بنائیں گی

ورائٹی نے رپورٹ کیا کہ 'واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ' کی شوٹنگ لندن میں جاری ہے اور فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ کون سا اداکار کیا کردار ادا کرے گا، تاہم فلم کی کہانی انگریز و برصغیر کے جوڑے کے رومانس کے گرد گھومتی ہے۔

شیکھر کپور ماضی میں فلم کی کہانی کے حوالے سے بتا چکے ہیں کہ فلم کی کہانی یورپ و ایشیائی اور خصوصی طور پر برطانوی و برصغیر ثقافت کے حوالے سے ہے، تاہم اس میں رومانس اور مزاح کا تڑکا بھی شامل ہوگا۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ فلم کو کب تک ریلیز کیا جائے گا، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ اسے رواں برس کے وسط تک آن لائن ریلیز کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: سجل علی، جمائما کی فلم کی شوٹنگ میں مصروف

مذکورہ فلم کے ذریعے ہدایت کار شیکھر کپور بھی 13 سال بعد ہولی وڈ میں واپسی کر رہے ہیں، اس سے قبل انہوں نے 2007 میں ریلیز ہونے والی بائیوگرافی فلم (ایلزبتھ: دی گولڈن ایج) کی ہدایات دی تھیں، جنہیں بہترین پروڈکشن کا آسکر ایوارڈ بھی ملا تھا۔

اگرچہ شبانہ اعظمی مذکورہ فلم سے قبل ہی ہولی وڈ ڈیبیو کر چکی ہیں، تاہم سجل علی اس کے ذریعے ہولی وڈ میں انٹری دے رہی ہیں۔

'واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ' کی دیگر کاسٹ میں پاکستانی نژاد برطانوی اداکار شاہد لطیف، برطانوی اداکارہ للی جیمز اور ایما تھامپسن سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

ملک بھر میں تقریباً 2 ماہ بعد تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے

مودی حکومت، بھارتی میڈیا کا گٹھ جوڑ خطرناک فوجی مہم جوئی کا باعث بنا، عمران خان

مودی سرکار اور ان کے منظور نظر میڈیا کا گٹھ جوڑ بےنقاب ہوچکا ہے، شاہ محمود قریشی