پاکستان

وزیر خارجہ شاہ محمود دو روزہ دورے پر مصر روانہ

شاہ محمود قریشی مصر کے وزیر خارجہ سمیع حسن شوکری کی دعوت پر قاہرہ کا دورہ کررہے ہیں۔

دفتر خارجہ نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی منگل کو مصر کے دو روزہ دورے پر روانہ ہو گئے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق شاہ محمود قریشی مصر کے وزیر خارجہ سمیع حسن شوکری کی دعوت پر قاہرہ کا دورہ کررہے ہیں، اپنے دورے کے دوران وزیر خارجہ اپنے ہم منصب سمیع حسن شوکری سے تفصیلی مشاورت کریں گے۔

مزید پڑھیں: مصر: کورونا کے پھیلاؤ پر بات کرنے والے ڈاکٹرز گرفتار، ناقدین کو بھی خاموش کرادیا گیا

دونوں عہدیدار دوطرفہ تعلقات اور اسے مزید مضبوط اور متنوع بنانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

شاہ محمود قریشی اور سمیع حسن شوکری مشترکہ پریس کانفرنس بھی کریں گے۔

وزیر خارجہ مصر میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ساتھ مصر کی تاجر برادری سے بھی ملاقاتیں کریں گے اور اس ملاقات میں وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے حکومت کی طرف سے پیش کردہ مراعات کے بارے میں بات کریں گے۔

شاہ محمود قریشی مقامی اور بین الاقوامی میڈیا سے بھی بات کریں گے۔

قاہرہ روانگی سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ مصر امت مسلمہ کا ایک اہم ملک ہے جسے افریقہ کا دروازہ بھی کہا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 2021ء مسلم دنیا کے لیے فیصلہ کن سال

معاشی سفارت کاری کو پیش نظر رکھتے ہوئے افریقی ممالک کے ساتھ تجارت کا فروغ ہماری حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں مصری وزیر خارجہ کی دعوت پر مصر کے دو روزہ دورے پر روانہ ہو رہا ہوں تاکہ اس اہم ملک کے ساتھ روابط کو فروغ دیا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کے فروغ کے حوالے سے بے پناہ امکانات موجود ہیں جبکہ میرا جامعہ الازہر جانے کا بھی ارادہ طے ہے اور ہماری خواہش ہے کہ ہم تعلیمی شعبے میں ان کے تجربات سے استفادہ کر سکیں۔

پی آئی اے اپنے ملازمین کو رضاکارانہ علیحدگی اسکیم کے واجبات ادا کرنے میں ناکام

پی ایس ایل میں ’دِلوں کا چیمپیئن‘ کون؟

ابرار الحق کا لاپتا کوہ پیما محمد علی سدپارہ کے گاؤں میں اسکول بنانے کا اعلان