لائف اسٹائل

بلاک بسٹر بولی وڈ فلم ’پی کے‘ کا سیکوئل بنانے کا اعلان

آسمانی مخلوق کے زمین پر مذہبی رسومات دیکھ کر دنگ رہنے والے کردار کی نئی فلم میں عامر کی جگہ رنبیر کے کردار ادا کرنے کا امکان۔

بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی 2014 میں ریلیز ہونے والی بلاک بسٹر فلم ’پی کے‘ کے سیکوئل بنانے جانے کی چہ مگوئیاں تو گزشتہ 7 سال سے جاری تھیں۔

مگر اب ’پی کے‘ کی ٹیم نے اس کے سیکوئل بنانے کی تصدیق کرتے ہوئے واضح کردیا کہ نئی فلم میں رنبیر کپور مرکزی کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔

’پی کے‘ کے پروڈیوسر ودھو ونود چوپڑا نے بھارتی اخبار ’مڈ ڈے‘ سے خصوصی بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ 2014 کی بلاک بسٹر فلم کا سیکوئل بنایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ’پی کے‘ کی کہانی لکھنے والے لکھاری ابھیجیت جوشی اس وقت کچھ مصروف ہیں، جس کی وجہ سے وہ سیکوئل فلم کی کہانی نہیں لکھ رہے تاہم عامر خان اور رنبیر کپور کی فلم کا سیکوئل بنایا جائے گا۔

انہوں نے عندیہ دیا کہ ’پی کے‘ کے سیکوئل میں عامر خان کی جگہ رنبیر کپور مرکزی کردار ادا کریں گے اور نئی فلم کی کہانی وہیں سے شروع ہوگی، جہاں پہلی فلم کی کہانی ختم ہوئی تھی۔

پہلی فلم کی کہانی کا اختتام رنبیر کپور کے کردار کو متعارف کرائے جانے سے ہوا تھا اور رنبیر کپور کو بھی عامر خان کی طرح آسمانی مخلوق کے طور پر دکھایا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پی کے عامر خان کا سب سے مشکل کردار قرار

پہلی فلم میں عامر خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا تاہم فلم کے آخری منٹس میں رنبیر کپور کے کردار کو دکھایا گیا تھا اور ان کے کردار کو دکھائے جانے سے ہی چہ مگوئیاں شروع ہوئی تھیں کہ اگلی فلم میں رنبیر کپور ہی مرکزی کردار ادا کریں گے۔

پہلی فلم کی کہانی غلطی سے زمین پر آجانے والی آسمانی مخلوق سے متعلق تھی اور ’ایلین‘ کا کردار عامر خان نے ادا کیا تھا، جو زمین پر آنے کے بعد مختلف رسموں اور مذاہب کے طور طریقے دیکھ کر دنگ رہ جاتے ہیں۔

پہلی فلم میں انوشکا شرما نے مرکزی کردار ادا کیا تھا جب کہ آنجھانی سشانت سنگھ نے بھی فلم میں پاکستانی لڑکے ’سرفراز‘ کا مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

نئی فلم میں سشانت سنگھ کے کردار کو جاری رکھا جائے گا یا نہیں اور اگر ان کا کردار جاری رکھا گیا تو اس کے لیے کس کو کاسٹ کیا جائے گا؟ اس حوالے سے بھی فوری طور پر ‘پی کے‘ پروڈیوسر نے کچھ نہیں بتایا۔

فلم پروڈیوسر نے سیکوئل فلم کی مرکزی اداکارہ کا نام بھی نہیں بتایا تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ سیکوئل فلم میں انوشکا شرما کی جگہ کسی نئی اداکارہ کو کاسٹ کیا جائے گا۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ فلم کی شوٹنگ کب تک شروع کی جائے گی تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ ’پی کے 2‘ کی شوٹنگ آئندہ سال کے آغاز سے شروع ہوگی۔

میرے جسمانی خدوخال کے بجائے مسائل پر توجہ دیں، آمنہ الیاس کا لوگوں کو مشورہ

جیمز فرانکو پر الزام لگانے والی خواتین نے اداکار سے معاہدہ کرلیا

’حلیمہ سلطان‘ کی اردو میں کی گئی پوسٹ پر لوگوں کا طنز