پاکستان

کورونا کے تقریباً 4 ہزار نئے کیسز رپورٹ، 24 گھنٹوں میں 63 اموات

کورونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران ہر گزرتے دن کے ساتھ کیسز بڑھتے جارہے ہیں اور مثبت کیسز کی شرح 10فیصد سے تجاوز کر گئی ہے۔

کورونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران ہر گزرتے دن کے ساتھ کیسز کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے اور 9 ماہ کے طویل عرصے کے بعد ایک دن میں ریکارڈ 3 ہزار 946 کیسز اور 63 اموات رپورٹ ہوئیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری سرکاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تقریباً چار ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

یہ گزشتہ سال جولائی کے بعد ایک دن میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی سب سے بڑی تعداد ہے جبکہ مثبت کیسز کی شرح بھی 10 فیصد سے تجاوز کر گئی ہے۔

ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 40 ہزار 988 ہو گئی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد بھی 14 ہزار سے تجاوز کرتے ہوئے 14 ہزار 28 ہو گئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 2 ہزار 747 مزید مریض صحتیاب ہوئے اور اب تک صحتیاب افراد کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 88 ہزار 975 ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد ملک میں تعلیمی اداروں کی بندش کے ساتھ ساتھ مختلف پابندیوں اور لاک ڈاؤن کے نفاذ اور ہٹانے کا سلسلہ جاری رہا۔

دریں اثنا اب ملک میں وائرس کی تیسری لہر کے پیشِ نظر کئی علاقوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن اور اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار بھی محدود کردیے گئے ہیں۔

پاکستان میں آج 25 مارچ کو چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں کورونا وائرس کے کیسز سے متعلق رپورٹ کچھ یوں ہے:

پنجاب

پنجاب میں اس وقت کورونا کے کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھا جارہا ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2 ہزار 571 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 51 اموات ہوئیں۔

پنجاب میں اب تک مجموعی کیسز 2 لاکھ 5 ہزار 314 ہو چکے ہیں جبکہ اب تک 6 ہزار 99 افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔

خیبر پختونخوا

صوبہ خیبر پختونخوا میں بھی گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 583 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور مزید 8 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

خیبر پختونخوا میں اب تک کیسز کی مجموعی تعداد 81 ہزار 787 ہو چکی ہے جبکہ مجموعی 2 ہزار 246 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں صرف 21 کیسز رپورٹ لیکن اس دوران مزید دو افراد ہلاک ہو گئے۔

بلوچستان میں اب تک مجموعی طور پر 19 ہزار 395 افراد ہلاک اور 205 ہلاک ہو چکے ہیں۔

سندھ

صوبہ سندھ میں ابھی تک صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں محض 151 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 63 ہزار 815 ہو گئی ہے۔

صوبے میں اس دوران مزید کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی جبکہ اب تک 4 ہزار 482 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں بھی گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 548 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید دو افراد دم توڑ گئے۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک 53 ہزار 684 افراد وائرس کا شکار اور 554 ہلاک ہو چکے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں گزشتہ روز کی نسبت کم کیسز رپورٹ ہوئے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 70 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ کوئی بھی شخص ہلاک نہیں ہوا۔

آزاد کشمیر میں اب تک 12 ہزار 16 افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ مجموعی طور پر 339 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں صورتحال حوصلہ افزا ہے اور محض دو افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وائرس کا شکار افراد کی تعداد 4 ہزار 977 ہو گئی ہے۔

گلگت بلتستان میں گزشتہ 24 گھنٹے میں مزید کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی البتہ اب تک صوبے میں 103 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

کیریئر کے آغاز میں طعنے دیے گئے کہ مجھ میں ٹیلنٹ نہیں، صبا بخاری

فیفا نے کرپشن پر سیپ بلاٹر، والکے پر دوبارہ پابندی عائد کردی

ایک فلمی واقعہ، جس نے مسلم دنیا کو چونکا دیا