حیرت انگیز

بھارت میں زندہ شخص ڈیتھ سرٹیفکیٹ وصولی کیلئے طلب

یہ معاملہ میڈیا میں رپورٹ ہونے کے بعد تھانے میونسپل کارپوریشن نے نوٹس لیا۔

بھارت میں پیش آنے والے ایک عجیب و غریب واقعے میں میونسپل کارپوریشن میں زندہ شخص کو اپنا ہی ڈیتھ سرٹیفکیٹ وصول کرنے کے لیے کال کردی گئی۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر تھانے میں پیش آیاْ۔

چندراشیکھر دیسائی نامی شخص نے دعویٰ کیا ہے کہ ’مجھے تھانے میونسپل کارپوریشن سے اپنا ڈیتھ سرٹیفکیٹ وصول کرنے کے لیے کال موصول ہوئی‘۔

مذکورہ معاملہ میڈیا میں رپورٹ ہونے کے بعد تھانے میونسپل کارپوریشن نے نوٹس لیا اور بیان جاری کیا۔

تھانے میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی کمشنر سندیپ مالوی نے کہا کہ یہ محض ایک تکنیکی غلطی ہے اورچندراشیکھر دیسائی یقین دہانی کروائی گئی کہ کال کرنے سے پہلے تصدیق کی جائے گی۔

سندیپ مالوی نے کہا کہ ہمیں یہ لسٹ پونا کے دفتر سے ملی تھی ہم نے تیار نہیں کی تھی، یہ ایک تکنیکی مسئلہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک تکنیکی مسئلہ تھا کیونکہ ان کا نام مرنے والوں کی فہرست میں شامل تھا۔

سندیپ مالوی نے کہا کہ ’ہم نے اپنی ٹیم کو فہرست کی تصدیق کرنے کی ہدایت کی ہے اور اس کے بعد لوگوں کو فالو اپ کے لیے کال کریں‘۔

مذکورہ معاملے کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد ٹوئٹر صارفین کی جانب سے مزاحیہ تبصرے بھی کیے جارہے ہیں۔