سائنس و ٹیکنالوجی

طاقتور بیٹری سے لیس نوکیا کا سستا ترین 5 جی اسمارٹ فون جی 300

فون کی 4470 ایم اے ایچ کی بڑی بیٹری کے بارے میں کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ آسانی سے 2 دن تک کام کرسکے گی۔

ایچ ایم ڈی گلوبل نے اپنے سب سے سستے 5 جی فون نوکیا جی 300 کو متعارف کرا دیا ہے۔

اس فون کو سب سے پہلے امریکا میں فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے جس کی خاص بات کم قیمت میں 5 جی سپورٹ کے ساتھ طاقتور بیٹری اور مڈ رینج فیچرز کی موجودگی ہے۔

اس کے چند کارآمد فیچرز مٰں سے ایک فنگر پرنٹ اسکینر بھی ہے جسے پاور بٹن میں نصب کیا گیا ہے تاکہ فون کو ویک اپ کرتے ہوئے اسے ان لاک بھی کرسکیں۔

ویسے چہرے سے ڈیوائس ان لاک کا آپشن بھی ڈیوائس میں موجود ہے۔

فون کی ایک اور خاص بات اس کی 4470 ایم اے ایچ کی بڑی بیٹری ہے جس کے بارے میں کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ آسانی سے 2 دن تک کام کرسکے گی جس کے بعد ہی چارج کرنے کی ضرورت ہوگی۔

نوکیا نے پرانی ٹیکنالوجی جیسے آڈیو جیک، ریڈیو انٹینا اور این ایف سی کو برقرار رکھا ہے جبکہ اینڈرائیڈ 11 آپریٹنگ سسٹم ڈیوائس کا حصہ ہے۔

فون کا بیک کیمرا سیٹ اپ بھی کافی بہتر ہے جس میں 3 کیمرے دیئے گئے ہیں۔

فون کے 16 میگا پکسل کے مین کیمرے میں بڑا آپرچر (ایف 1.8) دیا گیا ہے جس کے ساتھ 2 میگا پکسل ڈیپتھ اور 5 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرے موجود ہیں۔

حیران کن طور پر یہ فون 60 فریم فی سیکنڈ سے 1080 پی ویڈیو ریکارڈ کرسکتا ہے جبکہ ہاتھوں کی قدرتی لرزش کو کم کرنے کے لیے الیکٹرونک امیج اسٹیبلائزیشن کا فیچر بھی اس سیٹ اپ کا حصہ ہے۔

نوکیا جی 300 میں 6.52 انچ کا ایچ ڈی پلس ایل سی ڈی ڈسپلے دیا گیا ہے جبکہ 4 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج ڈیوائس کا حصہ ہے مگر اس میں ایس ڈی کارڈ سے مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

فون کو 5 جی نیٹ ورک پر چلانے کے لیے کوالکوم کے اسنیپ ڈراگون 480 پراسیسر کا سہارا لیا گیا ہے۔

جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ اسے سب سے پہلے امریکا مٰں فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے جہاں وہ 19 اکتوبر سے 199 ڈالرز (34 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔

دیگر ممالک کے حوالے سے کمپنی نے فی الحال کوئی اعلان نہیں کیا۔

شیاؤمی کے 2 نئے فلیگ شپ فونز پاکستان میں فروخت کے لیے پیش

دنیا کا پہلا 600 ٹچ سیمپلنگ ریٹ والا اسمارٹ فون

زی ٹی ای کا کم قیمت اسمارٹ فون بلیڈ اے 71