لائف اسٹائل

اہلیہ نے عاطف اسلم کے انسٹاگرام پر قبضہ کرلیا، تصویر شیئر کر ڈالی

گلوکار کی اہلیہ سارا بھروانا نے شوہر کے انسٹاگرام پر اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے عاطف اسلم کے فیصلے کو درست بھی قرار دیا۔

معروف گلوکار عاطف اسلم کی اہلیہ سارا بھروانا نے ان کے انسٹاگرام پر قبضہ کرکے شوہر کے ہمراہ اپنی تصویر شیئر کرکے خود کو منفرد انداز میں سالگرہ کی مبارک باد دے کر مداحوں کے دل جیت لیے۔

سارا بھروانا نے عاطف اسلم کے انسٹاگرام پر سیاہ لباس میں اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے شوہر کو سب سے منفرد، پیارا اور خوبصورت انسان قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: شادی کی آٹھویں سالگرہ پر عاطف اسلم کا اہلیہ کے نام محبت بھرا پیغام

سارا بھروانا کی جانب سے شوہر کے انسٹاگرام پر کی گئی منفرد اور رومانوی پوسٹ کو پڑھنے کے بعد اگرچہ کئی لوگ پہلے خوشگوار حیرت میں مبتلا رہے، تاہم جلد ہی انہیں معلوم ہوگیا کہ دراصل مذکورہ پوسٹ گلوکار نے نہیں بلکہ ان کی اہلیہ نے کی ہے۔

گلوکار کی اہلیہ نے شوہر کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے خود کو سالگرہ کی مبارک باد پیش کی اور ساتھ دعویٰ کیا کہ انہوں نے آج تک عاطف اسلم جیسا پیار انسان کہیں نہیں دیکھا۔

سارا بھروانا نے یہ بھی لکھا کہ عاطف اسلم کی جانب سے ان سے شادی کرنے کا فیصلہ درست ثابت ہوا۔

انہوں نے شوہر کو مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ وہ ان سے محبت کرتی ہیں اور ساتھ ہی انہیں دنیا کا خوبصورت ترین انسان بھی قرار دیا۔

ان کی جانب سے شوہر کے انسٹاگرام پر کی گئی پوسٹ پر درجنوں افراد نے کمنٹس کرتے ہوئے دونوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کی جوڑی کو سب سے بہترین جوڑی بھی قرار دیا۔

مزید پڑھیں: عاطف اسلم کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش

سارا بھروانا اور عاطف اسلم دونوں انسٹاگرام پر ایک ساتھ تصاویر شیئر کرتے رہتے ہیں جب کہ دونوں کی جوڑی کو بھی خوب پسند کیا جاتا رہا ہے۔

دونوں نے 2013 میں شادی کی تھی اور ان کے ہاں پہلے بیٹے ’احد‘ کی پیدائش شادی کے اگلے ہی سال ہوئی تھی۔

دونوں کے ہاں دسمبر 2019 میں دوسرے بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔

رواں برس 28 مارچ کو شادی کی آٹھویں سالگرہ پر بھی عاطف اسلم نے اہلیہ کے ہمراہ خوبصورت تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں نہ صرف مبارک باد پیش کی تھی بلکہ ان سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں زندگی کا اٹوٹ حصہ بھی قرار دیا تھا۔

ٹی20 ورلڈ کپ کے کچھ یادگار ترین لمحات

ایوان صدر دنیا کا پہلا گرین صدارتی سیکریٹریٹ بن گیا

سندھ میں کورونا پابندیوں میں مزید نرمی، کاروبار پورا ہفتہ کھلا رکھنے کی اجازت