پاکستان

راولپنڈی: شادی میں فائرنگ سے یو سی وائس چیئرمین جاں بحق

واقعے کا مقدمہ پیر ودھائی کے اے ایس آئی مدعیت میں دلہے کے خلاف درج کرلیا گیاہے،ایف آئی آر
|

راولپنڈی میں شادی کی تقریب میں فائرنگ سے زخمی ہونے والا یو سی کا وائس چیئرمین دوران علاج دم توڑ گیا۔

واقعہ راولپنڈی کے تھانہ پیر ودھائی کی حدود میں پیش آیا جس کا مقدمہ اے ایس آئی کی مدعیت میں دلہے کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔

مقدمے میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 324 (اقدام قتل) اور 337 ایچ ٹو (بے احتیاطی یا غفلت سے کیا گیا فعل) شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق واقعہ گزشتہ رات ساڑھے 10 بجے پیش آیا، مدعی مقدمہ نے مؤقف اختیار کیا کہ فائرنگ کی آواز سنتے ہیں وہ جائے وقوع پر پہنچا تو معلوم ہوا کہ ظہور نامی شخص نے اپنی مہندی کی تقریب میں فائرنگ کروائی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کے علاقے کورنگی میں راہگیر کی ہلاکت پر 3 پولیس اہلکار گرفتار

فائرنگ کے نتیجے میں نعیم نامی شخص زخمی ہوا جسے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

نعیم خان کا ہولی فیملی ہسپتال میں علاج جاری تھا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گیا، تاہم لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کی جائے گی۔

یاد رہے کہ 20 دسمبر کو پشاور میں بلدیاتی انتخابات جیتنے کی خوشی میں فائرنگ سے کامیاب امیدوار ہی جاں بحق ہوگیا تھا۔

موسیٰ زئی کے علاقے میں جنرل کونسلر کی جیت کی خوشی میں فائرنگ کی گئی اور جیتنے والا امیدوار فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا۔

مزید پڑھیں: ٹک ٹاک پر فائرنگ، بم حملوں کی دھمکیاں، امریکا کی متعدد ریاستوں میں اسکول بند

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ زکریا خان بلدیاتی انتخابات میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے جنرل کونسلر کے امیدوار تھے۔

شام کو جب ان کی جیت کی غیر حتمی خبر آئی تو ان کے ووٹرز نے خوشی کا اظہار فائرنگ کرکے کیا، جبکہ فائرنگ کرنے والوں میں ان کا بھائی بھی شامل تھا۔

حکام کا کہنا تھا کہ زکریا خان اپنے ہی بھائی کی فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہوئے۔

پولنگ اسٹیشن حملہ: الیکشن کمیشن کا صوبائی وزیر کو بیٹے اور بھائی سمیت نوٹس

جب تک آسٹریلیا کو آسٹریلیا میں شکست نہیں دیتے چین سے نہیں بیٹھیں گے، رمیز راجا

امریکا کا افغانستان کے حوالے سے مؤقف میں لچک کا مظاہرہ