پاکستان

پاکستان میں 4 جنوری کے بعد کووڈ-19 کے سب سے کم کیسز رپورٹ

اتوار کو ملک میں 847 نئے کووڈ کے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ وائرس کا شکار مزید 20 افراد ہلاک ہو گئے۔

پاکستان میں کورونا کی پانچویں لہر کی شدت میں یزی سے کمی آ رہی ہے اور کیسز میں تیزی سے کمی کی بدولت ملک میں 4 جنوری کے بعد اتوار کو ایک دن میں سب سے کم کیسز رپورٹ ہوئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق اتوار کو ملک میں 847 نئے کووڈ کے کیسز رپورٹ ہوئے جو 4 جنوری کے بعد ملک میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی سب سے کم تعداد ہے۔

مزید پڑھیں: سندھ: کورونا کیسز میں کمی کے باعث انڈور تقریبات پر عائد پابندی ختم

رواں سال چار جنوری کو ملک میں 630 کووڈ-19 کے کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

این سی او سی کے مطابق نیشنل گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 40 ہزار 127 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 847 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

اس دوران ملک میں فعال کیسز کی تعداد میں بھی تیزی سے کمی آئی ہے اور مزید 1200 سے زائد مریضوں کی صحتیابی کے بعد اس وقت ملک میں کووڈ کے فعال کیسز کی کُل تعداد 36ہزار 803 تک پہنچ چکی ہے۔

ملک میں مثبت کیسز کی شرح کم ہو کر 2.11فیصد ہو گئی ہے جبکہ مجموعی کیسز کی تعداد 15لاکھ 8ہزار 504 ہو گئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 20 افراد وائرس کی وجہ سے لقمہ اجل بن گئے جس کے بعد ملک میں اب تک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 30ہزار 173 ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: 10 فیصد سے کم شرح والے اضلاع میں پابندیوں میں نرمی

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان اس وقت بھی ایک ہزار 113 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

واضح رہے کہ کووڈ کے مثبت کیسز اور شرح میں مستقل کمی کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے 15 فروری کو 10فیصد سے کم شرح والے اضلاع اور شہروں میں پابندیوں میں نرمی کردی تھی۔

ایپل کا سستا ترین آئی فون ایس ای 3

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کی انعامی رقم میں اضافہ کر دیا

یوکرین بحران کا جلد از جلد حل ناگزیر کیوں ہے؟