پاکستان

کور کمانڈرز کانفرنس کا پاکستان میں بھارتی میزائل گرنے پر اظہار تشویش

بھارت کی جانب سے غلطی کے اعتراف کے باوجود بین الاقوامی فورمز کو واقعے کا سنجیدگی سے جائزہ لینا چاہیے،کور کمانڈرز کانفرنس کااعلامیہ

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس نے بھارت کی جانب سے پاکستان کی حدود میں غلطی سے میزائل فائر کرنے کے حالیہ واقعے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری بیان کے مطابق 248ویں کور کمانڈرز کانفرنس آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں منعقد ہوئی۔

مزید پڑھیں: کور کمانڈرز کانفرنس میں ملکی سلامتی کی صورتحال پر غور

کور کمانڈرز کانفرنس کو اہم عالمی اور علاقائی پیش رفت، ملکی داخلی سلامتی کی صورتحال اور مغربی بارڈر مینجمنٹ پر پیش رفت کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔

کور کمانڈر کانفرنس نے بھارت کی جانب سے حادثہ قرار دیے گئے میزائل فائرنگ کے حالیہ واقعے پر تشویش کا اظہار کیا ہے کیونکہ اس کے نتیجے میں بڑی تباہی ہو سکتی تھی۔

کانفرنس کی جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ بھارت کی جانب سے غلطی کے اعتراف کے باوجود متعلقہ بین الاقوامی فورمز کو اس واقعے کا سنجیدگی سے جائزہ لینا چاہیے اور بھارتی اسٹریٹجک اثاثوں کی حفاظت اور حفاظتی پروٹوکول کو نگرانی کے تابع کرنا چاہیے۔

فورم نے کہا کہ اس طرح کے خطرناک واقعات علاقائی امن اور اسٹریٹجک استحکام کو شدید خطرات سے دوچار کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’برصغیر کی سلامتی کو غیر متوازن کرنے کی کوشش کی جارہی ہے‘

فورم نے ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

چیف آف آرمی اسٹاف نے دہشت گردی کے خلاف جاری کامیاب آپریشنز کو سراہا اور ہدایت کی کہ او آئی سی کونسل آف وزرائے خارجہ کے اجلاس اور یوم پاکستان پریڈ کے پرامن انعقاد کے لیے جامع حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے فارمیشنوں کی آپریشنل تیاریوں کو سراہا اور مشن پر مبنی تربیت پر زور دیا۔

اپنی جماعت سے منحرف رکن اسمبلی کے ووٹ کی کیا حیثیت ہوتی ہے؟

لاہور کے تاریخی قذافی اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ

شرمیلا فاروقی کی والدہ کا مبینہ تمسخر اڑانے کے کیس سے نادیہ خان بری