لائف اسٹائل

اشنا شاہ ’او سی ڈی‘ کا شکار

اداکارہ نےکراچی ایئرپورٹ پر وہاں کے سیکیورٹی افسر کی جانب سے کیے جانے والے رویے پر بات کرتے ہوئے بیماری سے متعلق انکشاف کیا۔

اداکارہ اشنا شاہ نے کراچی کے ایئرپورٹ پر ’رضامندی‘ کے بغیر لوگوں کی جانب سے چھُوئے جانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ہے کہ وہ ’آبسیسو کمپلسو ڈس آرڈ‘ (او سی ڈی) کا شکار ہیں۔

اشنا شاہ نے یوم پاکستان کے موقع پر ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی ایئرپورٹ پر انہیں ’رضامندی‘ کے بغیر چھُوا گیا اور اس عمل کی وجہ سے انیں سخت ذہنی اذیت پہنچی۔

اداکارہ نے بتایا کہ ایئرپورٹ پر ایک سیکیورٹی افسر نے ان کے بالوں کو چھُوا اور انہوں نے اس عمل کو نامناسب قرار دیا۔

اداکارہ نے لکھا کہ سیکیورٹی افسر نے نہ تو ہاتھوں پر دستانے پہن رکھےتھے اور نہ ہی انہوں نے سینیٹائزر کا استعمال کیا تھا۔

اشنا شاہ نے لکھا کہ سیکیورٹی افسر نے ان کے بالوں پر ہاتھ پھیرے۔

اپنی ٹوئٹ میں اداکارہ نے بتایا کہ ’آبسیسو کمپلسو ڈس آرڈ‘ (او سی ڈی) ایک حقیقت ہے، اداکارہ نے ’او سی ڈی‘ سے متعلق مزید کوئی وضاحت نہیں کی۔

یہ بھی پڑھیں: اجنبی خاتون نے میرے بال چھُوکر میرا دن خراب کردیا، اشنا شاہ

’او سی ڈی‘ دراصل ذہنی بیماری یا کیفیت ہے، جس میں مبتلا شخص کسی بھی ان چاہی چیز یا رویے سے ذہنی پریشانی کا شکار بن جاتا ہے۔

یعنی اگر کوئی شخص کسی انجان شخص کے ہاتھ ملانے یا دوسروں کے قریب جانے سے دور رہنا چاہتا ہے تو ایسے شخص کے قریب جانے یا اسے کسی دوسرے کی جانب سے چھونے سے وہ ذہنی اذیت کا شکار بن سکتا ہے۔

او سی ڈی میں مبتلا بعض افراد بار بار وہی چیزیں بھی دہراتے ہیں یا بار بار کسی ایک شے کو چھوتے بھی رہتے ہیں۔

اس بیماری میں مبتلا افراد یا وہم میں مبتلا رہتے ہیں، عام طور پر ایسے لوگوں کو پرتشدد اور جنسی نوعیت کے خیالات آتے ہیں جب کہ اس میں مبتلا افراد کو کوئی بھی فضول کام بار بار کرتے ہوئے بھی دیکھا جاتا ہے۔

اشنا شاہ کی جانب سے اب او سی ڈی میں مبتلا ہونے کا اعتراف کیے جانے سے قبل رواں ماہ 9 مارچ کو بھی انہوں نے بتایا تھا کہ ایک شاپنگ مال میں ایک انجان خاتون نے ان کے بالوں کو چھُوکر انہیں پریشان کیا اور وہ پورا دن پریشان رہیں۔

اس وقت انہوں نے یہ نہیں بتایا تھا کہ وہ او سی ڈی کا شکار ہیں، تاہم اب انہوں نے اس کا اعتراف بھی کردیا۔

احد رضا میر اور سجل علی میں علیحدگی کی افواہ ٹوئٹر پر ٹرینڈ کرنے لگی

نمایاں خدمات پر ملکی و غیرملکی شخصیات کیلئے سول اعزازات

منال خان اور احسن محسن خان شادی کے بعد پہلی بار ایک سیریز کے لیے اکٹھے