لائف اسٹائل

ول اسمتھ نے ایک بار پھر کرس راک کو تھپڑ مارنے پر معافی مانگ لی

اداکار نے مارچ 2021 کی آسکر تقریب میں میزبان کو اہلیہ کے بالوں پر مذاق کرنے پر تھپڑ رسید کیا تھا۔

رواں برس 28 مارچ کو آسکر ایوارڈ تقریب میں میزبان کرس راک کو تھپڑ رسید کرنے پر ہولی وڈ اداکار ول اسمتھ نے ایک بار پھر معافی مانگ لی۔

ول اسمتھ نے آسکر ایوارڈ کی تقریب کے میزبان کو اس وقت تھپڑ مارا تھا جب کرس راک نے اداکار کی اہلیہ جیڈا پنکٹ اسمتھ کے سر کے بال جھڑنے پر مذاق کیا تھا۔

ول اسمتھ نے کرس راک کو اسٹیج پر جاکر تھپڑ مارا تھا اور ان کی جانب سے میزبان کو تھپڑ رسید کرنے کی ویڈیو پوری دنیا میں وائرل ہوگئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ول اسمتھ نے آسکر ایوارڈز کے اسٹیج پر کرس راک کو تھپڑ رسید کردیا

ول اسمتھ نے اپنے اس عمل پر اگرچہ اس وقت بھی معافی مانگی تھی، تاہم اس باوجود آسکر انتظامیہ نے ان پر آئندہ 10 سال تک کسی بھی ایوارڈ تقریب میں مدعو کرنے اور انہیں ایوارڈ کے لیے نامزد کیے جانے پر پابندی عائد کردی تھی اور اداکار نے آسکر کی رکنیت بھی چھوڑ دی تھی۔

تاہم اب ایک بار پھر انہوں نے کرس راک سے معافی مانگتے ہوئے اپنے عمل پر شرمساری کا اظہار کیا ہے۔

ول اسمتھ نے انسٹاگرام پر جاری اپنی ویڈیو میں اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ انہوں نے خودغرضی کی وجہ سے کرس راک سے اسی تقریب میں معافی نہیں مانگی، کیوں کہ اس وقت وہ جذباتی ہوچکے تھے۔

اداکار نے کہا کہ ان کی جانب سے کرس راک کو تھپڑ مارنے کے عمل کو کسی بھی طرح اچھا نہیں کہا جا سکتا اور وہ اس عمل پر نالاں ہیں، وہ خود بھی پشیماں ہے۔

مزید پڑھیں: ول اسمتھ نے تھپڑ مارنے پر کرس راک سے معافی مانگ لی

ول اسمتھ کے مطابق انہوں نے کرس راک سے ذاتی طور پر بھی معافی مانگنے کی کوشش کی مگر وہ ان سے بظاہر بات کرنے کے لیے بھی تیار نہیں۔

انہوں نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ جب کرس راک مطمئن ہوجائیں اور ان سے بات کرنے کو تیار ہوجائیں، وہ اس وقت بھی دوبارہ ان سے معافی مانگیں گے۔

ول اسمتھ نے تھپڑ مارنے کے عمل کو مکمل طور پر غلط قرار دیتے ہوئے کرس راک کی والدہ اور ان کے اہل خانہ سے بھی معافی مانگی اور کہا کہ وہ اس بات پر شرمندہ ہیں کہ انہوں نے بھری محفل میں ایسا کیا۔

کرس راک کو تھپڑ مارنے کے بعد ول اسمتھ نے ’آسکر‘ رکنیت چھوڑ دی

ول اسمتھ کے لیے آسکر کے دروازے اگلے 10 سال کے لیے بند

جیڈا اسمتھ نے آسکر ایوارڈز کے واقعے پر خاموشی توڑ دی