پاکستان

کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسر مشتبہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق

40 سالہ فرقان اختر موٹرسائیل پر منگھو پیر میں واقع حب فلٹر پلانٹ کا دورہ کرنے کے لیے نکلے تھے، پولیس

کراچی کے علاقے منگھوپیر میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسر کو مشتبہ ڈاکوؤں نے مزاحمت پر گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

علاقے کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) حاجی ثنا اللہ نے بتایا کہ 40 سالہ فرقان اختر دفتر سے اپنی موٹرسائیکل پر منگھو پیر میں واقع حب فلٹر پلانٹ کا دورہ کرنے کے لیے نکلے تھے کہ موٹرسائیکل پر سوار دو مسلح افراد نے ان سے موٹرسائیکل چھیننے کی کوشش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ افسر نے مزاحمت کی، جس پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی اور موٹرسائیکل چھین کر فرار ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: مزاحمت پردکاندار کو مبینہ قتل کرنے والے ڈاکو پر مشتعل ہجوم کا تشدد، دم توڑ گیا

فرقان اختر کو کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کا سپروائزر بتایا جاتا ہے، انہیں شدید زخمی حالت میں عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔

خیال رہے کہ 29 اکتوبر کو بھی کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں مبینہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر دکاندار کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔

اس کے بعد مشتبہ ڈاکو کو مشتعل ہجوم نے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا تھا، بعد ازاں وہ دم توڑ گیا تھا۔

شاہراہ فیصل پولیس نے بتایا تھا کہ گلستان جوہر کے بلاک 18میں قاسم پیراڈائیز کے قریب 18 سالہ شہریار نظیر مبینہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر لٹیروں کی گولی سے جاں بحق ہوگیا۔

مزید پڑھیں: کراچی: اغوا کے خوف پر عوام نے موبائل فون کمپنی کے 2 ملازمین کو تشدد کرکے ہلاک کردیا، پولیس

سینیئر سپرنٹڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) شرقی عبدالرحیم شیرازی نے ڈان کو بتایا تھا کہ تقریبا 2 بجے 2 ڈکیت جوہر چورنگی کے قریب الاحسن پلاسٹک کی دکان میں داخل ہوئے اور دکاندار سے نقدی چھینی۔

ان کا کہنا تھا کہ دکانداروں نے ڈکیتوں کو قابو کرنے کی کوشش کی، ایک ڈاکو نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں لیاقت آباد کا رہائشی ایک دکاندار شہریار جاں بحق ہو گیا۔

اس دوران مشتعل عوام نے بھاگتے ہوئے ایک مشتبہ شخص کو پکڑ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: موبائل کمپنی کے ملازمین کو تشدد کرکے قتل کرنے کے الزام میں 34 افراد گرفتار

ایس ایس پی عبدالرحیم شیرازی نے بتایا تھا کہ مشتبہ زخمی ڈاکو کو ہسپتال لے کر جایا گیا جہاں وہ دم توڑ گئے جبکہ دوسرا ڈاکو فرار ہوگیا۔

فسادی مارچ روکنے والی فورسز کو اسلحہ رکھنے کی اجازت ہونی چاہیے، وزیر داخلہ

عروہ حسین کا فرحان سعید سے طلاق پر وضاحت دینے سے گریز

وزیر اعظم کے چین روانہ ہوتے ہی اسٹاک مارکیٹ میں 544 پوائنٹس کا اضافہ