لائف اسٹائل

’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘ پاکستان میں مارچ میں ریلیز ہوگی

امکان تھا کہ ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘ کو پاکستان میں فروری کے اختتام پر پیش کیا جائے گا۔

مقبول اداکارہ سجل علی کی پہلی عالمی فلم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘ کو گزشتہ ماہ آسٹریلیا سمیت دیگر ممالک میں ریلیز کیے جانے کے بعد اب اسے برطانیہ میں بھی پیش کردیا گیا جب کہ اسے آئندہ ماہ پاکستان میں ریلیز کرنے کا اعلان بھی کردیا گیا۔

امکان تھا کہ ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘ کو پاکستان میں فروری کے اختتام پر پیش کیا جائے گا، تاہم اب فلم کی پروڈیوسر جمائما خان نے اسے تین مارچ کو ملک میں ریلیز کرنے کا اعلان کردیا۔

جمائما خان نے اپنی ٹوئٹ میں فلم کو برطانیہ میں ریلیز کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے مداحوں کو مشورہ دیا کہ وہ فلم دیکھنے کے لیے سینما گھروں کا رخ کریں۔

ان کی ٹوئٹ کو متعدد پاکستانی شوبز شخصیات نے ری ٹوئٹ کرتے ہوئے ان کی فلم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہوں نے پاکستانیوں کو جواب دیتے ہوئے بتایا کہ فلم کو مارچ میں وہاں ریلیز کیا جائے گا۔

جمائما خان نے گلوکار شہزاد رائے کو جواب دیتے ہوئے انہیں بتایا کہ ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘ کو تین مارچ کو پاکستان میں پیش کیا جائے گا۔

جمائما خان نے اپنی ٹوئٹ میں یہ انکشاف بھی کیا کہ انہیں ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘ کو بنانے میں 12 سال کا عرصہ لگا۔

ان کی فلم کو برطانیہ میں ریلیز کیے جانے کے موقع پر پاکستانی سماجی رہنما، سیاست دان اور لکھاری فاطمہ بھٹو نے بھی فلم کی تعریفیں کیں اور لکھا کہ پہلی بار پاکستانیوں اور پاکستان کو منفرد انداز میں دکھایا گیا ہے۔

اسی طرح جمائما خان نے بھی اپنی ایک اور ٹوئٹ میں دعویٰ کیا کہ ان کی فلم میں پاکستان کو پہلی بار منفرد اور اچھے انداز میں پیش کیا گیا ہےاور انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی فلم کی طرح تو اچھا پاکستان وہاں کے مقامی ٹی وی چینلز پر بھی نہیں دکھایا گیا۔

’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘ کو سینماؤں میں پیش کیے جانے سے قبل مختلف فلم فیسٹیولز میں بھی دکھایا گیا اور اسے ستمبر 2022 میں ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں بھی پیش کیا گیا تھا۔

’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘ کی خاص بات یہ ہے کہ اس کی ہدایات بولی وڈ فلم ساز شیکھر کپور نے دی ہیں اور اس میں شبانہ اعظمی سمیت دیگر بھارتی اداکار بھی دکھائی دیں گے۔

فلم کو جہاں جمائمہ خان نے پروڈیوس کیا ہے، وہیں انہوں نے اس کی کہانی بھی لکھی ہے۔

فلم کا ٹریلر گزشتہ برس ستمبر میں جاری کیا گیا تھا، جس میں جل علی کے کردار کی جھلک بھی دکھائی گئی تھی۔

ٹریلر میں سجل علی کو پاکستانی لڑکی کے طور پر دکھایا گیا تھا جب کہ شبانہ اعظمی کو ان کی والدہ کے روپ میں دکھایا گیا تھا۔

ٹریلر میں گلوکار راحت فتح علی خان کی جھلک بھی دکھائی گئی تھی جو کہ فلم میں شہزاد لطیف اور سجل علی کی شادی کی تقریب میں پرفارمنس کرتے دکھائی دیں گے۔فلم کی کہانی برطانوی لڑکی ’زوئی‘ (للی جیمز) اور پاکستانی نژاد برطانوی لڑکے (شہزاد لطیف) کے گرد گھومتی ہے جو نہ صرف پڑوسی ہوتے ہیں بلکہ بچپن کے دوست بھی ہوتے ہیں۔

جاری کیے گئے ٹریلر سے معلوم ہوتا ہے کہ شہزاد لطیف کے والدین ان کی شادی کروانا چاہتے ہیں اور وہ ڈیٹنگ ایپس سمیت رشتے کرانے والے افراد کے پاس بھی ان کے رشتے لے جاتے ہیں مگر انہیں ناکام ملتی ہے، جس کے بعد وہ ان کی شادی پاکستانی لڑکی (سجل علی) سے طے کرتے ہیں۔

ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ شہزاد لطیف کی شادی طے ہونے پر ان کی دوست زوئی بھی ان کے ہمراہ لندن سے لاہور آتی ہیں اور ان کی شادی کے تمام تقریبات اور مراحل کو شوٹ کرکے اس پر دستاویزی فلم بناتی ہیں، جس دوران انہیں ایسے سوالات کے جوابات بھی مل جاتے ہیں جن کی وہ کئی سال سے منتظر تھیں۔

سجل علی کی فلم ‘واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ’ ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں پیش

‘واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ’ کو ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں پیش کرنے کا اعلان

سجل علی کی پہلی عالمی فلم کا ٹریلر جاری