لائف اسٹائل

ملالہ کو ’آسکر‘ تقریب میں شرکت کی تیاری میں کتنے گھنٹے لگے؟

ملالہ یوسف زئی پہلی بار آسکر میں شریک ہوئی تھیں، انہوں نے تقریب میں تاریخی جھمکے بھی پہن رکھے تھے۔

دنیا کی کم عمر ترین نوبیل انعام یافتہ اور فلم پروڈیوسر ملالہ یوسف زئی نے 13 مارچ کو ہونے والی 95 ویں ’آسکر‘ ایوارڈز تقریب میں شرکت کی تھی اور وہ پہلی بار دنیا کے معتبر ترین فلمی ایوارڈ میں شریک ہوئی تھیں۔

ایوارڈز تقریب میں ملالہ یوسف زئی کی جانب سے پہنے گئے سفید رنگ کے چمکیلے بولڈ لباس کی دنیا بھر میں تعریفیں کی گئیں، تاہم ان کے بولنے کے انداز اور دیگر شخصیات سے ملاقات کی تصاویر اور ویڈیوز بھی وائرل ہوئیں۔

اب انہوں نے ’آسکر‘ ایوارڈ تقریب ختم ہونے کے ایک ہفتے بعد ’آسکر‘ ڈائری لکھی ہے، جس میں انہوں نے پوری تفصیلات بیان کیں اور بتایا کہ انہیں تقریب میں شرکت کی تیاری میں کتنے گھنٹے لگے اور انہوں نے جو کانوں میں جھمکے پہنے تھے وہ کتنے قیمتی تھے؟

ملالہ یوسف زئی نے فیشن میگزین ’ووگ‘ میں اپنی ’آسکر‘ ڈائری میں بتایا کہ ’آسکر‘ میں شرکت کرنے کا ان کا دیرینہ خواب پورا ہوا اور وہ اگلے سال پھر وہاں جانے کے لیے پر عزم ہیں۔

انہوں نے ’آسکر‘ تقریب سے قبل اور بعد میں ہونے والی پارٹیوں کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ انہیں متعدد نامور شخصیات سے مل کر کتنی خوشی ہوئی۔

ملالہ یوسف زئی نے گلوکارہ ریانا سے ملنے پر بھی خوشی کا اظہار کیا اور ساتھ ہی تقریب میں ان کی کی گئی پرفارمنس کی تعریفیں بھی کیں۔

ملالہ یوسف زئی نے بتایا کہ ’آسکر‘ ایوارڈ تقریب شام پانچ بجے شروع ہونی تھی لیکن انہوں نے اس میں شرکت کی تیاری کئی گھنٹے قبل ہی کرنا شروع کردی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں صبح 11 بجے کے بعد سجانا شروع کیا گیا اور تقریب سے کچھ دیر قبل ہی انہیں تیار کیا گیا۔

انہوں نے خود کو سنوارنے والی فیشن اور میک اپ ڈیزائنرز کی مہارت کی تعریفیں کیں اور ساتھ ہی منفرد اور بولڈ لباس دینے والے فیشن ہاؤس کا بھی شکریہ ادا کیا۔

ملالہ یوسف زئی نے اپنی ڈائری میں انکشاف کیا کہ انہوں نے آسکر تقریب کے دوران جو جھمکے پہن رکھے تھے، وہ ان کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل تھے، کیوں کہ وہ ماضی میں افغانستان کی پہلی شہزادی ’ثریا طرزی‘ کے زیر استعمال بھی رہے تھے۔

انہوں نے ’ثریا طرزی‘ کی تعریفیں کرتے ہوئے انہیں بہادر اور خواتین کی خود مختاری اور لڑکیوں کی تعلیم کے لیے جدوجہد کرنے والی شہزادی قرار دیا اور ان کے استعمال میں رہنے والے جھمکوں کو پہننے پر فخر کا اظہار کیا۔

ملالہ یوسف زئی نے ڈائری میں آسکر تقریب کے میزبان جمی کمیل اور ان کی اہلیہ سے ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ میزبان کے لطیفوں سے محظوظ ہوئیں۔

ساتھ ہی ملالہ یوسف زئی نے انسٹاگرام پر بولی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کی جانب سے دی گئی پارٹی کی تصاویر بھی شیئر کیں۔

پریانکا چوپڑا کی جانب سے دی گئی پارٹی میں ملالہ یوسف زئی کے علاوہ گلوکار علی سیٹھی، بھارتی اداکارہ پریٹی زنٹا اور پاکستانی اداکارہ علینا خان سمیت دیگر شخصیات شریک ہوئیں۔

ملالہ یوسف زئی نے پریانکا چوپڑا کی جانب سے دی گئی پارٹی میں جنوبی ایشیا سے تعلق رکھنے والی شخصیات سے ملاقات پر فخر کا اظہار بھی کیا۔

آسکر ایوارڈ 2023 ظہرانہ: ملالہ یوسف زئی کی ہالی وڈ اسٹار ٹام کروز سے ملاقات

’آسکر‘ تقریب میں ملالہ سے نامناسب سوال کرنے پر میزبان کو تنقید کا سامنا

ملالہ کے پاکستانی انداز میں انگریزی بولنے پر تنازع