پاکستان

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 627 پوائنٹس کا اضافہ

کے ایس ای-100 انڈیکس 1.58 فیصد اضافے کے بعد 40 ہزار 345 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کے ایس ای-100 انڈیکس میں 627 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا، ماہرین اس کی وجہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو فنڈ فراہم کرنے کی خبریں قرار دے رہے ہیں۔

اسٹاک مارکیٹ میں تقریباً ایک بج کر 30 منٹ پر بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 627 پوائنٹس یا 1.58 فیصد اضافے کے بعد 40 ہزار 345 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا، جو گزشتہ روز 39 ہزار 717 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

ابا علی حبیب سیکیورٹیز کے ہیڈ آف ریسرچ سلمان نقوی نے اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کو عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ اسٹاف کی سطح کے معاہدے میں اچھی پیش رفت کو قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اچھی پیش رفت ہو رہی ہے، آئی ایم ایف سے اسٹاف کی سطح کے معاہدے کی بنیادی شرط تھی کہ دوست ممالک یقین دہانی کریں کہ وہ پاکستان کو فنڈنگ دیں گے، رپورٹس ہیں کہ سعودی عرب نے تصدیق کردی ہے جبکہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے یقین دہانی کا امکان ہے، اس بات کی توقع ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ جلد ہی معاہدہ ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح سیاسی حوالے سے بھی کچھ مقدمات کے فیصلے ہوئے ہیں، سیاسی غیر یقینی صورتحال میں کمی ہوئی ہے یہ بھی ایک وجہ ہے، اسی طرح شرح سود میں بھی 100 بیسس پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے جبکہ توقع 200 بیسس پوائنٹس بڑھنے کی تھی، یہ بھی ایک وجہ ہے۔

انٹرمارکیٹ سیکیورٹیز کے ہیڈ آف ایکویٹی رضا جعفری نے بھی سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو فنڈز فراہم کرنے کے لیے آئی ایم ایف کو تصدیق کی خبروں کو قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کے ایس ای 100 انڈیکس میں تیزی کی وجہ یہ خبریں ہیں کہ سعودی عرب نے آئی ایم ایف کو تصدیق کر دی ہے کہ وہ پاکستان کو فنڈز فراہم کریں گے۔

رضا جعفری نے مزید کہا کہ اب تک ان خبروں کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے لیکن اس خبر سے سرمایہ کاروں کو آئی ایم ایف پروگرام بحال ہونے کی امید ہوئی ہے۔

سعودی اور ایرانی وزرائے خارجہ کی ملاقات، پروازیں بحال اور ویزے جاری کرنے پر اتفاق

پی ٹی آئی انتخابات کی مدت میں ایک بار توسیع کیلئے آئینی ترمیم کرنے کو تیار ہے، اسد قیصر

خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تاریخ نہ دینے پر پی ٹی آئی کا سپریم کورٹ سے رجوع