لائف اسٹائل

اشرف حکیمی کو طلاق کے عوض سابق اہلیہ سے دولت ملنے کا امکان

مراکشی فٹ بالر کی اہلیہ نے شوہر سے طلاق کے عوض نصف دولت دلوانے کی درخواست دائر کی تھی مگر فٹ بالر کے پاس کوئی جائیداد ہی نہیں تھی۔

خبریں ہیں کہ مراکشی فٹ بالر اشرف حکیمی کو سابق اہلیہ ماڈل و اداکارہ ہبہ عبوک کی جانب سے عدالتی حکم پر کچھ دولت دینی پڑ سکتی ہے۔

یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کہ ہبہ عبوک نے اشرف حکیمی سے طلاق لینے کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا اور ساتھ ہی طلاق کے عوض فٹ بالر سے نصف جائیداد کا حصہ مانگا تھا۔

ہبہ عبوک نے گزشتہ ماہ مارچ میں شوہر سے طلاق لینے کے لیے ہسپانوی عدالت سے رجوع کیا تھا، کیوں کہ اشرف حکیمی اسپین میں ہی رہائش پذیر ہیں۔

اہلیہ کی درخواست پر جب عدالتی کارروائی شروع ہوئی تو معلوم ہوا کہ اشرف حکیمی نے اپنی 80 فیصد جائیداد، ملکیت، سامان اور نقد دولت والدہ کے نام کر رکھی ہے جب کہ ان کی 80 فیصد تنخواہ بھی والدہ کے اکاؤنٹ میں ہی آتی ہے۔

رپورٹس کے مطابق اگر اشرف حکیمی کی دولت ان کے اپنے نام ہوتی تو انہیں طلاق کے عوض سابق اہلیہ کو ایک کروڑ سے 7 کروڑ امریکی ڈالر تک کی رقم ادا کرنی پڑتی ہے، تاہم انہوں نے اپنی 80 فیصد دولت اور جائداد والدہ کے نام کر رکھی تھی۔

اب خیال کیا جا رہا ہے کہ اشرف حکیمی ممکنہ طور پر طلاق کے عوض اہلیہ سے دولت دلوانے کی درخواست دائر کر سکتے ہیں۔

اور اگر اشرف حکیمی نے عدالت سے طلاق کے عوض سابق اہلیہ سے دولت دلوانے کی درخواست دائر کی تو اداکارہ کو لینے کے بجائے 15 لاکھ امریکی ڈالر تک سابق شوہر کو دینے پڑیں گے۔

اسپورٹس ویب سائٹ ’اسپورٹس انسائیڈر‘ نے اپنی رپورٹ میں مختلف رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ عدالت ہبہ عبوک کو اشرف حکیمی کو دولت دینے کا حکم دے سکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اشرف حکیمی کے پاس وکیل کی فیس کے پیسے بھی نہیں ہیں اور اگر انہوں نے عدالت میں درخواست دائر کی تو وہ سابق اہلیہ سے ان کی دولت کا نصف حصہ لینے کے اہل ہوں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اشرف حکیمی کی سابق اہلیہ کے پاس اپنے نام کی 30 لاکھ امریکی ڈالر کی نقد دولت موجود ہے، جس میں سے انہیں 15 لاکھ ڈالر سے ہاتھ دھونا پڑ سکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ممکنہ طور پر اشرف حکیمی اپنے بچوں کی والدہ سے پیسے لینے کے موڈ میں نہیں ہے، تاہم عدالت انہیں سابق اہلیہ سے پیسے دلوا سکتی ہے۔

اسی حوالے سے ہسپانوی ویب سائٹ ’مرکا‘ نے بھی بتایا کہ اشرف حکیمی کی سابق اہلیہ کے پاس 30 لاکھ امریکی ڈالر کے اثاثے ہیں، جن میں سے انہیں نصف اثاثوں سے ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے۔

ویب سائٹ کے مطابق اشرف حکیمی کی جانب سے اپنی جائداد والدہ کے نام کرنے کی بات سامنے آنے کے بعد دنیا بھر کے اسپورٹس مین ان کی تعریفیں کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

خیال رہے کہ اشرف حکیمی اور ہبہ عبوک کے درمیان 2018 میں تعلقات استوار ہوئے تھے اور انہوں نے 2019 کے اختتام تک شادی کرلی تھی، انہیں دو بچے بھی ہیں۔

ہبہ عبوک ہسپناوی اداکارہ ہیں اور وہ عمر میں اشرف حکیمی سے 12 سال بڑی تھیں۔

خواہش ہے دوبارہ بھی بولی وڈ میں کام کروں، سجل علی

محنت، لگن، یقین اور خوابوں کے گرد گھومتی منفرد کہانی ’22 قدم‘

علی سیٹھی کی کوچیلا میوزک فیسٹیول میں ’پسوڑی‘ پر پرفارمنس