پاکستان

پاکستان کا سوڈان میں قیامِ امن کیلئے سعودی عرب کی کوششوں کا خیرمقدم

بات چیت اور مشاورت کے ذریعے سوڈان کی صورتحال کے سیاسی حل کے لیے اپنی اصولی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

پاکستان نے سوڈان میں قیام امن کے لیے سعودی عرب کی کوششوں اور جدہ میں سوڈانی مسلح افواج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات کا خیرمقدم کیا ہے جن کا مقصد قلیل مدتی جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے اور تنازعہ سے متاثرہ لوگوں کو ہنگامی انسانی امداد کی فراہمی کے لیے مذاکرات سے قبل سہولت فراہم کرنا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق دفتر خارجہ نے ایک مختصر بیان میں کہا کہ پاکستان سوڈان کی صورتحال کے سیاسی حل کے لیے بات چیت اور مشاورت کے لیے اپنی اصولی حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔

سوڈانی فوج اور پیرا ملٹری ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہفتے (6 مئی) کو جدہ میں ہوا، جس کے ایک روز بعد سوڈان کے دو متحارب جرنیلوں کے سفیر مذاکرات کے لیے سعودی عرب پہنچے۔

ان مذاکرات کا مقصد 3 ہفتوں سے جاری شدید لڑائی کے بعد جنگ بندی کی سختی سے پاسدرای کو یقینی بنانا ہے جس کی اب تک متعدد بار خلاف ورزی کی جاچکی ہے، 3 ہفتوں سے جاری شدید لڑائی کے نتیجے میں اب تک سیکڑوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

15 اپریل کو جھڑپیں شروع ہونے کے بعد سے جنرل عبدالفتاح برہان کی سربراہی میں سوڈان کی فوج اور جنرل محمد حمدان دگالو کی سربراہی میں نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان یہ مذاکرات پہلی بار ہورہے ہیں۔

سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ مذاکرات آئندہ چند روز تک جاری رہیں گے تاکہ جنگ بندی کا ایک مؤثر معاہدہ طے پایا جا سکے اور ضرورت مندوں تک انسانی امداد پہنچائی جا سکے۔

لڑائی شروع ہونے کے بعد سے دونوں فریقین نے جنگ بندی پر متعدد بار اتفاق کیا لیکن کسی نے بھی مؤثر طریقے سے اس پر عملدرآمد نہیں کیا اور دونوں فریق ایک دوسرے پر اس کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے رہے۔

انٹرنیٹ کی بندش سے معمولات زندگی متاثر، فوری بحالی کا مطالبہ

اگر عمران خان کو کچھ بھی ہوا تو کسی کو نہیں چھوڑوں گا، ناصر خان جان

امریکا کا کسی فریق کی حمایت سے انکار، برطانیہ نے گرفتاری کو اندرونی معاملہ قرار دیدیا