لائف اسٹائل

مہوش حیات کا 7 سال بعد چھوٹی اسکرین پر واپسی کا عندیہ

مہوش حیات نے ٹیلی وژن سے اداکاری کا آغاز کیا تھا اور ابتدائی 5 سال تک وہ صرف ڈراموں میں ہی دکھائی دی تھیں۔

مقبول اداکارہ مہوش حیات نے کہا ہے کہ وہ رواں برس کے اختتام پر 7 سال بعد چھوٹی اسکرین پر دکھائی دیں گی، تاہم انہوں نے آنے والے ڈرامے سے متعلق فی الحال کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔

مہوش حیات نے ٹیلی وژن سے اداکاری کا آغاز کیا تھا اور ابتدائی 5 سال تک وہ صرف ڈراموں میں ہی دکھائی دی تھیں۔

ڈراموں میں ان کی اداکاری کو کافی سراہا گیا اور اپنی بڑھتی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے اس وقت مہوش حیات نے گلوکاری میں بھی قسمت آزمائی کی اور کوک اسٹوڈیو میں انہوں نے آواز کا جادو بھی جگایا۔

تاہم بعد ازاں انہوں نے خود کو چھوٹی اسکرین سے دور کرنے سمیت موسیقی سے بھی دور کردیا اور وہ فلموں تک محدود رہیں۔

مہوش حیات کا آخری ڈراما 2016 میں نشر ہوا تھا، جس کے بعد انہیں صرف فلموں میں دیکھا گیا اور ان کی متعدد فلمیں بلاک بسٹر ثابت ہوئیں، تاہم اب انہوں نے چھوٹی اسکرین پر واپسی کا عندیہ دیا ہے۔

مہوش حیات ساتھی اداکار شہریار منور اور رمشا خان کے ہمراہ سما ٹی وی کے پروگرام ’حد کردی‘ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے ڈراموں سے دوری پر کھل کر بات کی اور ساتھ ہی اپنے فلمی کیریئر کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔

مداح کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ وہ کام کے سلسلے میں اگرچہ کافی عرصے تک بیرون ملک رہ سکتی ہیں لیکن وہ کبھی پاکستان کو چھوڑ نہیں سکتیں۔

ان کے مطابق ان کے یہاں روٹس ہیں، ان کا گھر اور وطن ہے، وہ اگر دوبارہ بھی ہولی وڈ میں کام کرنے جائیں تو بھی وہ واپس پاکستان آئیں گی۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے لکھاری خلیل الرحمٰن قمر کے اسکرپٹ کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس طرح ڈائلاگ لکھتے ہیں کہ ان میں اداکاری کرتے وقت زیادہ محنت نہیں کرنی پڑتی۔

ان کے مطابق خلیل الرحمٰن قمر کا اسکرپٹ اداکاروں کے لیے ایک طرح کی ’ٹریٹ‘ ہوتی ہے اور ان کی لکھی گئی فلموں اور ڈراموں کے ڈائیلاگ تک لوگوں کو یاد ہیں۔

پروگرام کے دوران ڈراما انڈسٹری سے دوری پر بات کرتے ہوئے مہوش حیات نے کہا کہ ان کا آخری ڈراما 2016 میں نشر ہوا تھا اور اب رواں سال کے اختتام تک ان کا ڈراما نشر ہونے کا امکان ہے۔

ان کے مطابق وہ سات سال بعد چھوٹی اسکرین پر واپسی کریں گی اور وہ اس لیے ڈراموں سے دور رہیں، کیوں کہ اچھے اسکرپٹ نہیں لکھے جا رہے تھے۔

مہوش حیات نے پاکستانی ڈراموں کے اسکرپٹ اور مواد پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں جن کرداروں کی پیش کش ہو رہی تھی، وہ اتنے زیادہ اچھے نہیں تھے، اس لیے وہ چھوٹی اسکرین سے دور رہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ماضی میں بھی انہوں نے منتخب کرداروں میں کام کیا، انہوں نے خود مختار خاتون، بہادر اور نڈر لڑکی کے کردار کیے، تاہم انہوں نے بعض بیچاری اور مظلوم خاتون کے رول بھی کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ ڈراموں میں ایک ہی طرح کے کرداروں کو بار بار نہیں کرنا چاہتیں، اس لیے بھی وہ ڈراموں سے دور رہیں لیکن اب 7 سال بعد وہ جلد ہی چھوٹی اسکرین پر دکھائی دیں گی، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ ان کا ڈراما کس موضوع پر ہے اور ان کے ساتھ اور کون دکھائی دے گا۔

اداکاری کے بعد مہوش حیات کا پروڈکشن کا آغاز

مہوش حیات پی پی چیئرمین بلاول بھٹو سے شادی کے لیے تیار

ایک وقت میں دو لوگوں سے محبت ہوسکتی ہے، مہوش حیات