لائف اسٹائل

فحش رقص کی شکایات کے بعد پنجاب کی ڈانسرز کے خلاف کریک ڈاؤن

بیہودہ رقص کی شکایات موصول ہونے کے بعد پنجاب حکومت نے کمرشل تھیٹرز میں پرفارم کرنے والی مزید 14 اداکاراؤں کو نوٹس بھجوا دیے۔

حکومت پنجاب نے دارالحکومت لاہور سمیت دیگر شہروں میں حکومتی نگرانی میں چلنے والے آرٹس تھیٹرز میں اداکاراؤں اور رقاصاؤں کی جانب سے فحش رقص کرنے کی شکایات کے بعد کریک ڈاؤن شروع کردیا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق صوبائی حکومت نے کمرشل تھیٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا جب کہ پنجاب آرٹس کونسل (پی اے سی) کے زیر انتظام چلنے والے تھیٹروں کی بھی کڑی نگرانی شروع کر دی تاکہ موجودہ قوانین کے تحت تھیٹرز میں سے فحش پرفارمنس اور بیہودہ رقص کو ختم کیا جا سکے۔

بیہودہ رقص کی شکایات موصول ہونے کے بعد پنجاب کے محکمہ داخلہ نے کمرشل تھیٹرز میں پرفارم کرنے والی مزید 14 اداکاراؤں کو نوٹس بھی بھجوا دیے ہیں جب کہ وزارت نے اس سے قبل 9 اگست کو بھی 9 اداکاراؤں کو نوٹس بھجواکر ان سے ایک ہفتے کے اندر جواب طلب کیا تھا۔

اداکاراؤں کی جانب سے نوٹس کا جواب نہ دیے جانے پر کم از کم دو اسٹیج اداکاراؤں شمع رانا اور پایل چوہدری کے خلاف فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کی گئی لیکن انہوں نے قبل از گرفتاری ضمانت حاصل کرلی۔

محکمہ داخلہ کے ذرائع کے مطابق کمرشل تھیٹرز کے منتظمین اسٹیج پرفارمنس اور اسکرپٹ کی منظوری حاصل کرتے ہیں، جس میں رقص شامل نہیں ہوتا لیکن وہ اسٹیج پرفارمنس کے دوران ڈانس اور زیادہ تر بیہودہ اور فحش رقص کو اس کا حصہ بنا دیتے ہیں جو کہ اجازت نامے کی خلاف ورزی ہے۔

دوسری جانب محکمہ اطلاعات وثقافت نے بھی معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے کریک ڈاؤن تیز کردیا ہے۔

محکمہ اطلاعات و ثقافت نے تھیٹروں میں فحش اور بیہودہ پرفارمنسز کے بعد الحمرا سینٹر میں کمرشل اسٹیج ڈراموں پر پابندی عائد کردی ہے۔

علاوہ ازیں محکمہ ثقافت نے پنجاب آرٹس کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سلیم ساگر کو بھی عہدے سے ہٹادیا ہے اور ان پر کرپشن کی شکایات آنے پر بھی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔

ادھر الحمرا ہال میں بیہودہ رقص کے واقعات پیش آنے کے بعد بعد محکمہ اطلاعات و ثقافت نے پنجاب آرٹس کونسل کے تحت کام کرنے والے 12 سرکاری تھیٹرز میں اسٹیج پرفارمنس کی نگرانی کے لیے کمیٹیاں بھی تشکیل دے دیں۔

توہین آمیز، فحش اور بیہودہ پرفارمنس اور رقص کرنے پر حکومت پنجاب نے جن اداکاراؤں اور ڈانسرز کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں ان میں شمع تھیٹر کی اسٹیج اداکارہ مہک بٹ، کومل چوہدری اور قسمت شہزادی شامل ہیں۔

جن کو نوٹس جاری کیے گئے ان مین تمثیل تھیٹر کی نایاب خان، شیلا چوہدری، ایان اختر اور سونو بٹ جب کہ محفل تھیٹر کی خوشبو خان شامل ہیں۔

ڈانسرز میں ناز تھیٹر کی روشن خان، کاجل چوہدری اور سارہ خان جب کہ الفلاح تھیٹر کی ماہنور اور جیا بٹ کے ساتھ ساتھ ستارہ تھیٹر کی اسٹیج اداکارہ تبسم خان شامل ہیں۔

اس سے قبل، محکمہ داخلہ نے تمثیل تھیٹر کے لائسنس یافتہ قیصر ثناء اللہ خان، ستارہ تھیٹر کے مالک ملک طارق محمود اور ناز تھیٹر کے مالک ملک عمران داؤد کو اسٹیج ڈراموں میں غیر اخلاقی اور فحش تھیٹر پرفارمنس پر شوکاز نوٹس جاری کیے تھے۔

جن ڈانسرز کو 9 اگست کو نوٹس جاری کیے گئے ان میں اداکارہ نایاب خان، شیلا چوہدری اور ایان اختر کو تمثیل تھیٹر میں پرفارمنس پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا۔

اسی طرح ستارہ تھیٹر میں اداکارہ روپ جٹ، تبسم اور فرح خان جب کہ ناز تھیٹر میں پرفارمنس پر روشن خان، کاجل چوہدری اور سارہ خان کو نوٹس جاری کیے گئے تھے۔

خاتون فٹبالر کے ہونٹوں پر بوسہ، ہسپانوی فٹبال فیڈریشن کے سربراہ سے استعفے کا مطالبہ

پریانکا چوپڑا کی رنگت پر جملے بازی: معمر رانا اور نادر علی پر تنقید

تنازعات کے باوجود شعیب اختر کی زندگی پر بنی فلم کا ٹیزر ریلیز