لائف اسٹائل

اداکاروں کو میک اپ سے فرصت نہیں ملتی، اداکارائیں آرام کرنے دبئی جاتی ہیں، خالد انعم

عین ممکن ہے کہ لڑکوں کا میک اپ کرنا یا ہیئر اسٹائل بنانا آج کل ضروری ہو لیکن اس متعلق مجھے کچھ علم نہیں، اداکار

سینیئر اداکار، میزبان و گلوکار خالد انعم کا کہنا ہے کہ نئے مرد اداکاروں کو میک اپ کرنے سے فرصت نہیں ملتی جب کہ نئی اداکارائیں شوٹنگ کے دوران تھک جانے کے بعد آرام کرنے متحدہ عرب امارات (یو ای اے) کی ریاست دبئی چلی جاتی ہیں۔

خالد انعم نے حال ہی میں صحافی ملیحہ رحمٰن کو دیے گئے انٹرویو میں شوبز کیریئر سمیت دیگر معاملات پر بھی بات کی اور ساتھ ہی انہوں نے نئے اداکاروں کے رویوں پر بھی کھل کر باتیں کیں۔

انہوں نے عائشہ عمر کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف اچھی اداکاری کرتی ہیں بلکہ وہ دیگر معاملات میں بھی ہر چیز کی پابند ہیں۔

اسی طرح انہوں نے یمنیٰ زیدی اور اقرا عزیز سمیت دیگر اداکاراؤں کی بھی تعریفیں کیں جب کہ انہوں نے بعض نئے اداکاروں کو بھی سراہا۔

سینیئر اداکار کا کہنا تھا کہ زیادہ تر نئے اداکار محنتی اور بہترین ہیں، وہ شاندار کام کر رہے ہیں لیکن بعض اداکار ایسے ہیں جن سے پوچھیں کہ انہوں نے نئے ڈرامے کے لیے کیا تیاری کی ہے تو جواب دیتے ہیں انہوں نے نیا ہیئر اسٹائل کروا لیا ہے۔

خالد انعم نے کسی کا نام لیے بغیر نئے مرد اداکاروں پر تنقید کی اور کہا کہ ایسے افراد سے وہ جب بھی پوچھتے ہیں کہ انہوں نے اپنے نئے ڈرامے کے لیے کیا تیاری کی ہے تو وہ انہیں جواب دیتے ہیں کہ انہوں نے جم جوائن کرلیا ہے، وہ فٹنس پر توجہ دے رہے ہیں جب کہ وہ میک اپ اور ہیئر اسٹائل کی بھی باتیں کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے اداکار غلطی سے بھی یہ نہیں کہتے کہ انہوں نے نئے ڈرامے کے لیے اسکرپٹ یاد کرنے یا مختلف انداز میں اداکاری کرنے کے حوالے سے کیا تیاری کر رکھی ہے؟

خالد انعم کا کہنا تھا کہ ان کے زمانے میں ایسا نہیں ہوتا تھا اور وہ تو بالکل بھی میک اپ نہیں کرتے تھے۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ عین ممکن ہے کہ لڑکوں کا میک اپ کرنا یا ہیئر اسٹائل بنانا آج کل ضروری ہو لیکن اس متعلق انہیں کچھ علم نہیں، انہیں یہ سب چیزیں پسند نہیں۔

انہوں نے نئی اداکاروں کو بھی آڑے ہاتھوں لیا، تاہم انہوں نے کسی بھی اداکار یا اداکارہ کا نام لینے سے گریز کیا۔

خالد انعم نے اداکارہ کا نام لیے بغیر ایک قصہ سنایا کہ ایک بار وہ اور صبا فیصل ڈائریکٹر سمیت دیگر ٹیم کے ہمراہ ہیروئن کا تین گھنٹے تک شوٹنگ سیٹ پر انتظار کرتے رہے اور اداکارہ کا فون ہی نہیں لگ رہا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ کئی گھنٹوں بعد جب اداکارہ کے فون پر کال گئی تو ہیروئن نے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ شوٹنگ کے دوران تھک گئی تھیں، اس لیے آرام کرنے دبئی آگئیں۔

انہوں نے کہا کہ اتنا وقت ضائع کروانے اور ٹیم کو پریشان کرنے کے باوجود مذکورہ اداکارہ کو نہیں نکالا گیا اور یہ سب ٹی وی چینل کی مرضی سے ہوتا ہے، ڈائریکٹر بیچارے مجبور ہوتے ہیں۔

اسی طرح انہوں نے ایک اور اداکارہ کا واقعہ بیان کیا کہ جب وہ شوٹنگ سیٹ پر پہنچیں تو انہیں اچانک یاد آیا کہ وہ اپنی ’وگ‘ لانا بھول گئی ہیں اور پھر وہ ’وگ‘ لانے دبئی چلی گئیں۔

انہوں نے اس بات پر بھی حیرانی کا اظہار کیا کہ ایسی اداکاراؤں اور اداکاروں کو ہر بار کام مل جاتا ہے اور ڈائریکٹرز سمیت ٹیم میں شامل دوسرے اداکار اور افراد پریشان ہوجاتے ہیں۔

منال خان اور احسن محسن اکرام کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش

گوگل کا ڈوڈل کے ذریعے ’انکل سرگم‘ فاروق قیصر کو خراج تحسین پیش

حکومت کی ڈیڈ لائن ختم ہوتے ہی ہزاروں افغان تارکین وطن کی واپسی شروع