لائف اسٹائل

شادی کا فیصلہ جلد بازی میں نہیں کرنا چاہیے، میکال ذوالفقار

اداکار میکال ذوالفقار نے 2012 میں سارہ بھٹی سے شادی کی تھی تاہم دونوں کے درمیان 2017 میں طلاق ہوگئی تھی۔

اداکار میکال ذولفقار نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کسی سے شادی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو پہلے اس شخص کو اچھی طرح جانیں اور پھر سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں۔

حال ہی میں میکال ذوالفقار نے پروگرام مزاق رات میں شرکت کی۔

پروگرام کے دوران ایک سوال کے جواب میں اداکار نے کہا کہ محبت ایک بار نہیں بلکہ بار بار ہوسکتی ہے، لیکن ہر محبت کی شدت مختلف ہوتی ہے، انہوں نے یہ بھی بتایا کہ انہیں 18 یا 19 سال کی عمر میں پہلی یکطرفہ محبت ہوئی لیکن نہ چل سکی۔

اداکار نے شادی کرنے سے متعلق مشورہ دیا کہ کہ ’جس شخص سے آپ شادی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں پہلے انہیں اچھی طرح جانیں۔‘

میکال ذولفقار نے کہا کہ ’انسان کو پہلے جاننا ضروری ہے، بہت جلدی شادی کرنے کا فیصلہ نہیں کرنا چاہیے، بس انسان کو جانیں اور اپنے آپ کو جانیں۔‘

یاد رہے کہ اداکار میکال ذوالفقار نے 2012 میں سارہ بھٹی سے شادی کی تھی تاہم دونوں کے درمیان 2017 میں طلاق ہوگئی تھی۔

ایک فیس بک پوسٹ میں اداکار نے کہا تھا کہ ’میری 6 سالہ شادی اختتام پزیر ہوگئی ہے، طویل مدت دور رہنے اور کوششوں کے باوجود ہمارے درمیان معاملات حل نہیں ہوسکے۔‘

سارہ بھٹی اور میکال ذولفقار کے ہاں دو بیٹیاں بھی ہیں۔

طلاق کے بعد دوسری شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر میکال ذوالفقار نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ انہوں نے فی الحال دوسری شادی سے متعلق نہیں سوچا اور اس وقت ان کی زندگی میں دوسری ترجیحات ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اگرچہ ان سے شادی کے لیے بعض لڑکیوں نے ان سے اظہار بھی کیا ہوگا لیکن فی الحال شادی کرنا ان کی ترجیح نہیں ہے۔

میکال ذوالفقار کا کہنا تھا کہ تاہم اگر قسمت میں لکھا ہوگا تو جب ان کی شادی ہونی ہوگی تو وہ کرلیں گے۔

اداکار کا کہنا تھا کہ چوں کہ اب ان کے بچے بھی ہیں، اس لیے انہیں مستقبل میں جو بھی فیصلہ کرنا پڑا وہ انہیں نظر میں رکھ کر سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں گے۔

میکال ذوالفقار اور اہلیہ کے درمیان علیحدگی

میکال ذوالفقار نے دوسری شادی پر خاموشی توڑ دی

بھارت میں پاکستانیوں کو مرکزی اور نہ ہی اچھے کردار دیے جاتے ہیں، میکال ذوالفقار