پاکستان

اسموگ تدارک کیس: کرسمس پر مارکیٹوں کو رات 12 بجے تک کھولنے کی اجازت

لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ کے تدارک کیلئے دائر درخواستوں پر سماعت کے دوران اقلیتوں کے وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے مارکیٹیں رات 12 بجے تک کھولنے کی اجازت دے دی۔

لاہور ہائی کورٹ نے مسیحی برادری کے مذہبی تہوار کرسمس کے موقع پر مارکیٹوں کو رات 12 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت دے دی۔

ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق جسٹس شاہد کریم نے اسموگ کے تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کی، اقلیتیوں کے وکیل کاشف نے کرسمس کے موقع پر مارکیٹس کو رات 12 بجے تک کھولنے کی استدعا کی۔

بعد ازاں عدالت نے جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو مارکیٹس رات 12 بجے تک کھلی رکھنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے بند روڈ سے ملحق سروس روڑ کھولنے کا حکم بھی دے دیا۔

عدالت نے سانس ایپلیکیشن کو صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے حوالے کرنے کی ہدایت دی ساتھ ہی کنٹونمنٹ بورڈ کا پانی اور صفائی کے ادارے ( واسا) کے ساتھ نالوں کی صفائی میں تعاون نہ کرنے پر اظہار افسوس بھی کیا۔

عدالتی حکم کے مطابق تمام پراجیکٹس کی تکمیل کی تاریخ 22 دسمبر ہے، لاہور ہائی کورٹ نے سوال کیا کہ ٹیپا کے روڈ ماڈلنگ پروگرام کا کیا بنا؟ اسموگ سیزن کے بعد اس پر کام شروع کریں، لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے پراجیکٹس کے لیے باہر سے کنسلٹنٹ لیے جائیں تو بہتر ہے۔

بعد ازاں عدالت نے آئندہ سماعت پر متعلقہ حکام سے احکامات پر عملدرآمد رپورٹس بھی طلب کرلی۔