دنیا

بھارت: نئی دہلی میں اسرائیلی سفارت خانے کے نزدیک دھماکا

عملے میں سے کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، تحقیقات کے لیے بھارتی ہم منصبوں کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں، اسرائیلی وزارت خارجہ

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں اسرائیلی سفارت خانے کے قریب دھماکا ہوا ہے، سفارت خانے کا تمام عملہ محفوظ رہا۔

خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق دھماکے کی اطلاع کے بعد افسران نے سفارت خانے کو گھیرے میں لے لیا اور اردگرد کے علاقوں میں تلاشی لی۔

اسرائیلی سفارت خانے کے ترجمان گائے نیر نے تصدیق کی کہ 5 بج کر 20 منٹ پر سفارت خانے کے قریب ایک دھماکا ہوا۔

اسرائیل کی وزارت خارجہ نے کہا کہ دھماکے کے سبب عملے میں سے کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، اسرائیلی حکام دھماکے کی وجہ کی تحقیقات کے لیے بھارتی ہم منصبوں کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔

بھارتی نیوز ویب سائٹ ’انڈیا ٹوڈے‘ کی رپورٹ کے مطابق دہلی پولیس کو چانکیہ پوری علاقے میں واقع سفارت خانے کے پیچھے ہونے والے دھماکے کے بارے میں الرٹ کیا گیا تھا، دھماکے کی اطلاع دہلی فائر سروس کو بھارتی وقت کے مطابق شام 6 بجے کے قریب نامعلوم کالر نے دی تھی۔

سربراہ دہلی فائر ڈیپارٹمنٹ نے کہا کہ فون کرنے والے نے دعویٰ کیا کہ دھماکا اسرائیلی سفارت خانے کے پیچھے خالی پلاٹ پر ہوا ہے، بعدازاں بم اسکواڈ کے ہمراہ پولیس کی اسپیشل سیل ٹیم معائنہ کے لیے موقع پر پہنچ گئی، تاہم انہیں اس مقام پر کوئی بھی مشکوک چیز نہیں ملی۔

تاہم بھارتی نشریاتی ادارے ’این ڈی ٹی وی‘ کی رپورٹ کے مطابق سفارت خانے سے صرف چند میٹر کے فاصلے پر ایک خالی پلاٹ پر پولیس کو اسرائیلی سفیر کے نام ایک خط اور اس کے ساتھ لپٹا ہوا ایک جھنڈا بھی ملا، پولیس نے خط کو قبضے میں لے لیا۔

دھماکے کے بارے میں بات کرتے ہوئے ایک عینی شاہد نے بھارتی نیوز ایجنسی ’اے این آئی‘ کو بتایا کہ دھماکے کی آواز کافی زوردار تھی۔

انہوں نے کہا کہ دھماکا شام 5 بجے کے قریب ہوا، میں اپنی ڈیوٹی پر تھا کہ ایک زوردار آواز سنائی دیا، جب میں باہر آیا تو میں نے دیکھا کہ ایک درخت سے دھواں اٹھ رہا ہے، میں نے بس اتنا ہی دیکھا، پولیس نے میرا بیان ریکارڈ کر لیا ہے۔

الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل، پی ٹی آئی کو ’بلے‘ کا نشان واپس مل گیا

ویل چیئر پر تقریب میں آنے کی ماہرہ خان کی ویڈیو وائرل

غزہ کے حالات نومولود بچوں کیلئے موزوں نہیں رہے، اقوام متحدہ