پاکستان

اسلام آباد:دوہری شہریت پر کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کیخلاف اپیل پر فیصلہ محفوظ

ہم نے دوہری شہریت ترک کرنے کی درخواست دی ہوئی ہے، وکیل درخواست گزار کا مؤقف

اسلام آباد ہائی کورٹ میں قائم الیکشن ٹریبونل نے دوہری شہریت پر کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف ملک عامر کی اپیل پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

ڈان نیوز کے مطابق الیکشن ایپلیٹ ٹریبونل کے جج جسٹس ارباب محمد طاہر نے دوہری شہریت پر کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف ملک عامر کی اپیل پر سماعت کی، الیکشن کمیشن کی جانب سے لیگل ٹیم میں ثمن مامون اور ضیغم انیس عدالت میں پیش ہوئے۔

جج اپلیٹ ٹریبیونل نے وکیل درخواست گزار سے استفسار کیا کہ آپ صرف دوہری شہریت کا بتا دیں؟ جس پر وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ سندھ ہائی کورٹ کا دوہری شہریت سے متعلق ججمنٹ دے رہا ہوں۔

جج ایپلیٹ ٹریبونل نے بتایا کہ ہائی کورٹ کو چھوڑ دیں سپریم کورٹ کی کوئی ججمنٹ دیں۔

وکیل الیکشن کمیشن نے دوہری شہریت سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلوں کا حوالہ دیا۔

وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ ہم نے دوہری شہریت ترک کرنے کی درخواست دی ہوئی ہے، وکیل الیکشن کمیشن نے مؤقف اپنایا کہ کاغذاتِ نامزدگی جمع کرتے وقت انہوں نے دوہری شہریت کا ذکر تک نہیں کیا۔

وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ کاغذاتِ نامزدگی جمع کرنے کے لیے دوہری شہریت ترک کرنے کی درخواست بہت ہے۔

وکیل الیکشن کمیشن نے دلائل دیے کہ 26 دسمبر کو انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی فارم میں دوہری شہریت کا ذکر نہیں، انہوں نے دوہری شہریت ترک کرنے کی درخواست 28 دسمبر کو دی ہے۔

عدالت نے دوہری شہریت رکھنے والے متوقع امیدوار ملک عامر کی اپیل فیصلہ محفوظ کرلیا۔

ساہیوال: پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 5 ہزار لیٹر ملاوٹی دودھ تلف

بنگلہ دیش عام انتخابات: کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن بھاری اکثریت سے کامیاب

رحیم یار خان: دھند کے باعث مختلف حادثات، 10 افراد زخمی