پاکستان

مناظرے کی دعوت دینے والے نواز شریف کو اپنے صوبے کا معائنہ کرائیں، شہباز

راولپنڈی میں 30ارب روپے کے ساتھ پانی کا منصوبہ بنایا جائے گا، راولپنڈی کو لاہور نہ بنایا تو میرا نام شہباز شریف نہیں، جلسے سے خطاب

مسلم لیگ(ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کو مناظرے کی دعوت دینے والے اپنے صوبے کے معائنے کی دعوت دیں، وہاں مناظرہ بھی ہو گا اور موازنہ بھی ہو گا۔

ڈان نیوز کے مطابق مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف لیاقت باغ پہنچے تو لیگی کارکنان نے جوش و خروش سے ان کا استقبال کیا اور بھرپور نعرے بازی کی۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کی حکومت کا تختہ کیا گیا، اب 8 فروری کو فیصلہ ہوگا کہ کس نے پاکستان کی خدمت کی اور کس نے دھوکا دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے لاکھوں لیپ ٹاپس ذہین بچوں کو دیے اور نواز شریف نے جو وعدے کیے وہ پورے کیے، دل پر ہاتھ رکھ کر بتائیں پی ٹی آئی نےکیا کیا؟۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ رنگ روڈ کو جلد مکمل کیا جائے گا اور 30ارب روپے کے ساتھ پانی کا منصوبہ بنایا جائے گا جس سے پانی کی تعداد دوگنی ہو جائے گی، راولپنڈی کو لاہور نہ بنایا تو میرا نام شہباز شریف نہیں۔

انہوں نے کسی رہنما کا نام لیے بغیر کہا کہ کل ایک سیاسی لیڈر نے کہا کہ نواز شریف سے مناظرہ کرنا چاہتا ہوں، میں ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ آپ نوازشریف کو اپنے صوبے کے معائنے کی دعوت دیں، وہاں مناظرہ بھی ہو گا اور موازنہ بھی ہو گا اور پتا بھی چل جائے گا کہ نواز شریف کی کیا خدمات ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ کسی کو شکایت ہے کہ شیر شکار کیوں نہیں کررہا ، آٹھ فروری آنے والی ہے اور جب شیر دھاڑے گا تو لگ پتا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شیر 8 فروری کو شکار کرے گا، 8 فروری کو ہیر پھیر کو نہیں شیر کو ووٹ دیں اور نواز شریف کو ایک بار پھر وزیراعظم پاکستان بنائیں۔

کراچی کو بدبودار کہنے پر نادیہ حسین کو تنقید کا سامنا

بھارت اور فرانس کا دفاعی سامان کی مشترکہ پیداوار پر اتفاق

واپڈا کو عام انتخابات کے دوران لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت