پاکستان

فواد چوہدری کے خلاف راولپنڈی، اسلام آباد میں درج مقدمات کی تفصیلات عدالت میں پیش

اسلام آباد ہائی کورٹ نے دیگر صوبوں سے سابق وفاقی وزیر کے خلاف کیسز کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کردی۔

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے خلاف راولپنڈی اور اسلام آباد میں درج مقدمات کی تفصیلات اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش کردی گئیں۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے فواد چوہدری کے خلاف مقدمات کی تفصیلات فراہمی کے کیس کی سماعت کی۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل سید احسن رضا اور اسسٹنٹ سپرٹینڈنٹ اڈیالہ جیل وقیع الزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

اسلام آباد پولیس اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل راولپنڈی نے اپنے جواب اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرا دیے۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق فواد چوہدری کے خلاف اسلام آباد کے 2 مختلف تھانوں میں 3 مقدمات درج ہیں، ان کے خلاف تھانہ آبپارہ میں 2 جبکہ تھانہ کوہسار میں ایک مقدمہ درج ہے۔

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے بتایا کہ فواد چوہدری کو 8 نومبر 2023 کو اڈیالہ جیل میں قید کیا گیا، وہ تھانہ آبپارہ میں درج مقدمے اور نیب انکوائری میں گرفتار ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ فواد چوہدری اینٹی کرپشن پنجاب کے مقدمے میں بھی گرفتار تھے تاہم ضمانت ہوچکی ہے۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل نے استدعا کی کہ دیگر صوبوں سے رپورٹ آنا باقی ہے، وقت دیا جائے۔

عدالت نے استدعا منظور کرلی اور دیگر صوبوں سے کیسز کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کردی۔

سیاسی بے یقینی کے سبب کاروباری برادری تشویش میں مبتلا، خدشات کا اظہار

غلطی سے نامناسب شاعری گانے پر خدا سے معافی مانگتا رہا ہوں، عاطف اسلم

امریکا: نیویارک سب وے اسٹیشن میں فائرنگ، ایک شخص ہلاک، متعدد زخمی