پاکستان

کراچی: بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے تعلق رکھنے والے 2 خطرناک ملزمان گرفتار

ملزمان کو پولیس، حساس اداروں کی مشترکہ کارروائی میں گرفتار کیا گیا اور یہ دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں، پولیس

کراچی کی کورنگی پولیس نے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے تعلق رکھنے والے 2 خطرناک ملزمان گرفتار کرکے شہر میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان کو پولیس، حساس اداروں کی مشترکہ کارروائی میں گرفتار کیا گیا اور یہ دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں۔

پولیس نے کہا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت خاور حسین اور جابر کے نام سے ہوئی ہے جن سے 2 دستی بم، 9 ایم ایم پستول اور گولیاں برآمد کی گئیں۔

ایس ایس پی کورنگی کا کہنا تھا کہ ملزمان سے تفتیش کے دوران اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملزمان بیرون ملک سے ملنے والے ٹارگٹ کی ریکی کرتے تھے، ملزمان ہدف کی تفصیلات اور تصاویر بیرون ملک بھیجتے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمان کو غیر ملکی اکاؤنٹس سے لاکھوں روپے موصول ہوچکے ہیں، ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور مزید انکشافات متوقع ہیں۔