پاکستان

اسحق ڈار پاک-چین وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ میں شرکت کیلئے چین پہنچ گئے

وزیر خارجہ کا استقبال اعلٰی چینی حکام اور چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے کیا۔

وزیر خارجہ و نائب وزیراعظم اسحق ڈار چین پہنچ گئے ہیں جہاں وہ چینی وزیر خارجہ کے ساتھ پانچویں پاک چین وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت کریں گے۔

ڈان نیوز کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا ہے کہ اسحٰق ڈار کا استقبال اعلٰی چینی حکام اور چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پانچویں پاک چین وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ میں پاک چین تعلقات کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کیا جائےگا۔

اس کے علاوہ نائب وزیراعظم چینی رہنماؤں، اعلیٰ حکام اور ممتاز کاروباری اداروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

اس سے قبل جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ اسحق ڈار 13 مئی سے 16 مئی تک چار روزہ دورے پر چین جائیں گے۔

اس میں کہا گیا تھا کہ دونوں فریق اقتصادی اور تجارتی تعاون سمیت دوطرفہ امور کا جامع جائزہ لیں گے۔

اسحق ڈار اور وانگ یی علاقائی جغرافیائی سیاسی منظر نامے اور کثیر جہتی فورم پر دوطرفہ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ وزیر خارجہ کا دورہ دونوں دوست ممالک کے درمیان باقاعدہ اعلیٰ سطح جے تبادلوں کا حصہ ہے۔

وزارت خارجہ کے مطابق یہ دونوں ممالک کی طرف سے آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید گہرا کرنے کی اہمیت کی عکاسی کرتا ہے

واضح رہے کہ 8 فروری کے عام انتخابات کے بعد مسلم لیگ (ن) کی زیرقیادت حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد یہ اسحق ڈار کا بیجنگ کا پہلا دورہ ہے۔

لاہور ہائی کورٹ: گندم اسکینڈل کی تحقیقات نیب سے کرانے کیلئے درخواست دائر

نئے بیل آوٹ پیکج پر مذاکرات کا آغاز، آئی ایم ایف وفد وزارتِ خزانہ پہنچ گیا

صحافی کو دھمکانے کا کیس: فیصل جاوید کے خلاف مقدمے کی سماعت 8 جولائی تک ملتوی