پاکستان

صوبائی حکومت نے خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں گورنر کی رہائش ختم کردی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی فی الحال سندھ ہاؤس میں قیام کا بندوست کریں، مشیر اطلاعات

صوبائی حکومت نے خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں گورنر فیصل کریم کنڈی کی رہائش ختم کردی۔

ڈان نیوز کے مطابق مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی دل نہ ہاریں، سندھ ہاؤس میں پی ٹی آئی ایم پی اے کی طرح خیبرپختونخوا ہاؤس میں ان کا داخلہ بند نہیں کریں گے۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے بتایا کہ فیصلہ خیبر پختونخوا کابینہ کے گزشتہ اجلاس میں کیا گیا تھا، کابینہ میں وزراء اور ممبران اسمبلی کے لیے رہائش کا مسئلہ درپیش تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گورنر انیکسی فی الحال ممبران صوبائی اسمبلی اور وزراء استعمال کریں گے، گورنر کے لیے متبادل رہائشی بندوبست کیا جا رہا ہے۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی فی الحال سندھ ہاؤس میں قیام کا بندوست کریں، ان کی رہائش کے لیے متبادل انتظام کیا جا رہا ہے۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ گورنر خیبرپختونخوا کے اسلام آباد میں کئی گھر ہیں، ان کے لیے اسلام آباد میں رہائش کی کوئی کمی نہیں ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کو گورنر ہاؤس میں دوپہر کے کھانے کی دعوت دے دی تھی۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی جانب سے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کو گورنر ہاؤس میں دوپہر کے کھانے کی دعوت دونوں کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف سخت بیانات دیے جانے کے چند روز سامنے آئی تھی۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے علی امین گنڈا پور کو کھانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا تھا کہ گورنر ہاؤس میں صوبائی حکومت کے خلاف کوئی سازش نہیں ہو رہی۔

نیوز کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا تھا کہ ہم جھگڑا نہیں چاہتے، جھگڑنے کے لیے یہ فورم نہیں ہے۔

ناقابل تسخیر دفاع کی جانب پیش قدمی، پاکستان کا فتح-ٹو گائیڈڈ راکٹ سسٹم کا کامیاب تجربہ

جماعت اسلامی کا 16مئی کو ’کسان کش پالیسیوں‘ کیخلاف لاہور میں پر امن احتجاج کا اعلان

حکومت نہ جانے کیوں اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے سے گریزاں ہے، ہائیکورٹ