پاکستان

لاہور: گن پوائنٹ پر بکرا چھیننے والا ملزم گرفتار، ساتھی فرار

شہری کی جانب سے 15 پر بکرا چھیننے کی اطلاع موصول ہوئی، ڈاکو بکرا چھین کر موٹر سائیکل پر فرار ہورہے تھے، پولیس نے اٹاری بازار میں ایک ڈاکو کو گرفتار کرکے بکرا برآ مد کر لیا، ترجمان ڈولفن پولیس

لاہور کے علاقے نشتر کالونی میں گن پوائنٹ پر شہری سے بکرا چھیننے والے ڈاکو کو گرفتار کرلیا گیا تاہم اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

ڈان نیوز کے مطابق بکرا چوری کرنے کا واقعہ لاہور کے علاقے نشتر کالونی میں پیش آیا، جہاں دو ڈاکو، شہری سے بکرا چھیننے کے بعد موٹرسائیکل پر فرار ہورہے تھے تاہم پولیس نے ان کا تعاقب کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان ڈولفن پولیس نے بتایا کہ ہمیں ایک شہری کی جانب سے 15 پر بکرا چھیننے کی اطلاع موصول ہوئی، ڈاکو بکرا چھین کر موٹر سائیکل پر فرار ہورہے تھے، پولیس نے اٹاری بازار میں ایک ڈاکو کو گرفتار کرکے بکرا برآ مد کر لیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ بکرا چرانے والا دوسرا ڈاکو تنگ گلیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہوگیا۔ ملزمان کے قبضہ سے برآمد ہونے والی موٹر سائیکل ڈکیتی کے مقدمہ میں نشتر پولیس کو مطلوب تھی، ڈاکو ڈکیتی کی موٹر سائیکل کو جعلی نمبر پلیٹ لگا کر استعمال کر رہے تھے۔

بعد ازاں، لاہور کے علاقے سمن آباد رسول پارک میں بکرا چوری کرنے کی ایک اور واردات ہوئی، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک سفید رنگ کی کار میں آنے والے تین ملزمان شہری سے گن پوائنٹ پر دو بکرے، شہری کا موبائل فون اور پیسے چھین کر فرار ہوجاتے ہیں۔

پولیس کے مطابق متاثرہ شہری کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

نیب قانون میں 40 روزہ جسمانی ریمانڈ کی ’افسوسناک‘ ترمیم واپس لی جائے، سعد رفیق

ڈیجیٹل پاکستان کی جانب پیش قدمی، جدید کمیونی کیشن سیٹلائٹ خلا میں روانگی کیلئے تیار

چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے جامع پلان ترتیب دیا گیا ہے، وزیراعظم