پاکستان

خیبر پختونخوا: سی ٹی ڈی کی مہمند میں کارروائی، بارود اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورک کے 14 ملزمان گرفتار

ملزمان سے 257 کلو بارود، 600 ڈیٹونیٹرز اور دیگر اسلحہ برآمد کیا گیا جبکہ نیٹ ورک کے دو ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں، ایس ایس پی سی ٹی ڈی

محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) خیبرپختونخوا نے ضلع مہمند میں کارروائی کرتے ہوئے بارود اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورک کے 14 مبینہ ملزمان گرفتار کرلیے۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایس ایس پی سی ٹی ڈی احمد شاہ نے بتایا کہ نیٹ ورک 6 اضلاع تک پھیلا ہوا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمان سے 257 کلو بارود، 600 ڈیٹونیٹرز اور دیگر اسلحہ برآمد کیا گیا جبکہ نیٹ ورک کے دو ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملزمان خیبر پختونخوا میں کان کنی کی آڑ میں بارودی مواد جمع کرتے تھے، یہ بارودی مواد کان کنی میں استعمال نہیں کیا جا رہا تھا جبکہ دہشت گردی کے مختلف واقعات میں یہی بارودی مواد استعمال ہوا۔

احمد شاہ نے بتایا کہ کان کنی کے لیے بارود حاصل کرنے والے مالکان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں اور ملوث ہونے کی صورت میں مالکان کے لائسنس منسوخ کیے جائیں گے۔