پاکستان

وزیراعظم ریلیف پیکج کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز پر دالوں، چاول پر سبسڈی میں 300 فیصد اضافے کی تجویز

مجوزہ منصوبے کے تحت وفاقی حکومت سبسڈی کی صورت میں بوجھ برداشت کرکے شہریوں کو بنیادی اشیا سستے داموں فروخت کرے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر شہریوں کوبڑا ریلیف دینےکا پلان تیارکرلیا گیا جس میں وزیراعظم کے نئے ریلیف پیکج کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز پر دالوں اور چاول پر سبسڈی میں 300 فیصد کا اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر وزیر اعظم کے نئے ریلیف پیکج کے تحت دال چنا، ٹوٹا چاول، گھی اورچینی پر سبسڈی بڑھا کر شہریوں کو بنیادی اشیا پر مزید ریلیف دینے کا پلان ہے۔

ذرائع کے مطابق تجاویز کی من وعن منظوری پر دال چنا اور ٹوٹا چاول پر سبسڈی کے حساب سے ریلیف موجودہ 25 روپے سے بڑھ کر 100 روپے اور گھی پر فی کلو ریلیف موجودہ 70 روپے سے بڑھ کر 100 روپے ہوجائے گاجب کہ چینی پر بھی سبسڈی بڑھانے کی تجویز ہے۔

مجوزہ منصوبے کے تحت وفاقی حکومت سبسڈی کی صورت میں بوجھ برداشت کرکے شہریوں کو بنیادی اشیا سستے داموں فروخت کرے گی۔

ذرائع کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر وزیر اعظم کے نئے پیکج کی سمری ای سی سی کی منظوری کے لیے وزارت صنعت وپیداوار کو بھجوادی گئی ہے۔

وزیراعظم پیکج کے نئے ماڈل کا اطلاق ای سی سی اور وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد یکم اگست سے کرنےکی تجویز ہے۔

بجٹ میں اعلان کردہ وزیراعظم ریلیف پیکج کا اطلاق یکم جولائی سے نہیں ہوسکا تھا، اس لیے جب تک نئے پیکج کا اطلاق نہیں ہوتا، موجودہ وزیراعظم پیکج جاری رکھاجائےگا۔

وزیراعظم ریلیف پیکج کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز پر 5 بنیادی اشیا چینی، گھی، آٹا، چاول، دالوں پر بنظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) صارفین کو سبسڈی دی جارہی ہے۔

بجٹ میں یوٹیلٹی اسٹورز پر وزیر اعظم اور رمضان پیکج کے لیے 65 ارب روپے مختص کیے گئے، وزیر اعظم رمضان ریلیف پیکج کے لیے10ارب روپے مختص کیے گئے تھے۔

وزیراعظم ریلیف پیکج کے لیے رواں مالی سال 55 ارب روپے مختص کیے گیے ہیں جب کہ گزشتہ مالی سال وزیر اعظم پیکج کے تحت 35 ارب روپے مختص کیےگئے تھے۔