دنیا

عمان میں مجلس کے دوران دہشتگردوں کا حملہ، 5 افراد جاں بحق

وادی الکبیر کی امام علی مسجد دہشتگردوں کے حملے میں 15افراد زخمی ہوئے جس میں زیادہ ترپاکستانی شامل ہیں۔

عمان کے علاقے وادی الکبیر کی امام علی مسجد میں مجلس کے دوران دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق عمان کے دارالحکومت مسقط میں وادی الکبیر کی امام علی مسجد میں نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔

دہشتگردوں کے حملے کے دوران مسجد میں مجلس عزا جاری تھی، جس میں 700 سے زائد افراد موجود تھے، فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 15 سے زائد زخمی ہوگئے، جن میں زیادہ تر پاکستانی شامل ہیں۔

رائل عمان پولیس نے بتایا کہ وادی الکبیر کے علاقے میں ایک مسجد پر فائرنگ کی اطلاعات ملی ہیں جس میں ابتدائی طور پر 5 افراد کے جاں بحق اور درجنوں زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

یاد رہے کہ علاقائی تنازعات میں باقاعدگی سے ثالث کا کردار ادا کرنے والی سلطنت عمان میں اس طرح کے حملے شاذ و نادر ہی ہوتے ہیں۔

مسقط میں امریکی سفارت خانے نے فائرنگ کے واقعے کے بعد سیکیورٹی الرٹ جاری کیا اور منگل کو تمام ویزا اپائنٹمنٹس منسوخ کر دیے ہیں۔

سفارتخانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا امریکی شہریوں کو چوکنا رہنا چاہیے، اور مقامی حکام کی ہدایات پر مکمل عمل کرنا چاہیے۔

عمان میں موجود اے ایف پی کے ذرائع نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد لوگوں کو امام علی مسجد سے بھاگتے ہوئے دیکھا گیا، اس دوران مسلسل گولیوں کی آوازیں سنائی دے رہی تھیں، جب کہ لوگ یا حسین، یاحسین کا ورد کرتے ہوئے باہر نکل رہے تھے۔

پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری حفاظتی اقدامات اور طریقہ کار اختیار کیے گئے ہیں، جب کہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور شواہد اکھٹے کیے جارہے ہیں۔