دنیا

عمان میں عزاداری کی مجلس پر حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی

پولیس نے جوابی کارروائی میں تینوں دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، اس دوران ایک پولیس اہلکار بھی مارا گیا، عمان پولیس

عمان میں عزاداری کی مجلس پر حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی، جس میں 4 پاکستانیوں سمیت 6 افراد شہید ہوئے تھے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے ’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق عمان کے دارالحکومت مسقط میں عزاداری کی مجلس پر حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی، جس میں 4 پاکستانیوں سمیت 6 افراد شہید ہوئے تھے۔

عمان کے علاقے وادی الکبیر کی امام علی مسجد میں مسلح افراد نے مجلس پر گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں 30 افراد زخمی بھی ہوئے۔

داعش کی جانب سے سوشل میڈیا سائٹ ’ٹیلیگرام‘ پر ایک ویڈیو جاری کی گئی جس میں کہا گیا کہ داعش کے 3 خود کش بمباروں نے مجلس پر حملہ کیا اور صبح تک ان کا سیکیورٹی حکام سے فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔

عمان پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں بتایاگیا کہ پولیس نے جوابی کارروائی میں تینوں دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، اس دوران ایک پولیس اہلکار بھی مارا گیا۔

تاہم پولیس کی جانب سے دہشتگردوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی اور نہ ہی ان کے حملے کا مقصد بتایا گیا ہے۔

دوسری جانب، دفتر خارجہ کی جانب سے مسقط میں عزاداری کی مجلس پر ہونے والے حملے میں 4 پاکستانی جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی، ترجمان نے بتایا کہ فائرنگ میں چار پاکستانی جاں بحق اور 13 زخمی ہوئے جن کا ہسپتال میں علاج جاری ہے۔