دنیا

فرانس کے شہر نیس میں عمارت میں آگ لگنے سے 7 افراد ہلاک

کافی وسائل کے استعمال کے باوجود بدقسمتی سے آگ کے دوران 7 افراد ہلاک ہو گئے، امدادی عملہ

جنوبی فرانس کے شہر نیس کے ایک محلے میں رہائشی عمارت میں رات بھر لگنے والی آگ میں 7 افراد ہلاک ہو گئے۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق فائر فائٹرز نے جمعرات کو بتایا کہ ریسکیو عملے کو تقریباً 2:30 بجے لیس مولینز میں آگ لگنے کی اطلاع دی گئی، آگ لگنے کی وجوہات کا تاحال تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔

امدادی کارکنوں نے کہا کہ کافی وسائل کے استعمال کے باوجود بدقسمتی سے اس آگ کے دوران 7 افراد ہلاک ہو گئے۔

ایک شخص کو ایمرجنسی میں ہسپتال لے جایا گیا اور 2 دیگر افراد کو بھی طبی امداد دی گئیں۔

امدادی کارکنوں کا مزید کہنا تھا کہ شدید آگ نے عمارت کی ساتویں منزل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، انہوں نے تین فضائی سیڑھیوں کی مدد سے بچاؤ کی کارروائیاں سر انجام دیں اور درجنوں کو عمارت سے نکالا۔

مجموعی طور پر 25 فائر انجن اور 72 فائر فائٹرز نے آگ پر قابو پانے میں حصہ لیا۔