پاکستان

شہر قائد میں شدید گرمی، کراچی بار نے کوٹ پہننے سے استثنیٰ مانگ لیا

گرمی کی شدت میں کوٹ پہن کر کام صحت کے لیے نقصان دے ہو رہا ہے، وکلا کو 10 روز کے لیے بغیر کوٹ کے عدالتوں میں پیش ہونے کی اجازت دی جائے، جنرل سیکریٹری کراچی بار

کراچی میں شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر کراچی بار ایسوسی ایشن نے عدالتوں میں مقدمات کی پیشی کے دوران کالا کوٹ پہننے سے استثنیٰ مانگ لیا۔

جنرل سیکریٹری کراچی بار کے مطابق موسم کی شدت کی وجہ سےوکلا کو 10 روز کے لیے کالا کوٹ پہننے سے استثنیٰ دیاجائے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ان دنوں غیر معمولی ہیٹ وے کا شکار ہے، اس ہیٹ ویو میں وکلا کے لیے کالا کوٹ پہننا کسی چیلنج سے کم نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گرمی کی شدت میں کوٹ پہن کر کام صحت کے لیے نقصان دے ہو رہا ہے، وکلا کو 10 روز کے لیے بغیر کوٹ کے پیش ہونے کی اجازت دی جائے۔

واضح رہے کہ ان دنوں کراچی سمیت ملک بھر میں گرمی کی شدید لہر جاری ہے جب کہ چیف میٹرو لوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہے کہ کراچی میں بارش کا فی الحال کوئی امکان نہیں، جبکہ آج بھی زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے اور گرمی کی شدت 50 ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد محسوس کی جاسکتی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں 10 محرم الحرام کے موقع پر شدید گرمی نے عزاداروں سمیت اہلیان کراچی کو بے حال کردیا تھا، جہاں درجہ حرارت 40 ڈگری تک پہنچ گیا تھا جبکہ گرمی کی شدت 54 ڈگری تک محسوس کی گئی تھی۔