پاکستان

آئندہ 3سالوں میں ٹیکس تین فیصد تک بڑھانے کا ہدف رکھا گیا ہے، وزیر خزانہ

مالی سال 2025 میں محصولات کو جی ڈی پی کے تناسب سے 1.5 فیصد تک بڑھایا جائے گا، محمد اورنگزیب

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ مالی سال 2025 میں محصولات کو جی ڈی پی کے تناسب سے 1.5 فیصد تک بڑھایا جائے گا اور آنے والے تین سالوں میں جی ڈی پی کے تناسب سے ٹیکس تین فیصد تک بڑھانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق وزارت خزانہ نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی فچ ریٹنگ کے نمائندوں سے ورچوئل ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق فچ کی جانب سے پاکستان کے اقتصادی اعشاریوں میں بہتری کا اعتراف کیا گیا جبکہ فچ نمائندوں نے حکومت معاشی اہداف اور مالیاتی اقدامات کی ستائش بھی کی۔

اس موقع پر وزیر خزانہ نے نئے مالی سال کے اہم معاشی اہداف کے حوالے سے فچ نمائندوں کو بریفنگ دی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ مالی سال 2025 کے لیے جی ڈی پی کے ایک فیصد کا بنیادی سرپلس بھی حاصل کیا جائے گا اور آئی ایم ایف معاہدے کے ذریعے اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے کو تقویت ملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی میں کمی اور مالی ذخائر میں استحکام آیا ہے جبکہ ترسیلات زر میں گزشتہ مالی سال 7.7 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

بریفنگ میں بتایا کہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد پرچون فروشوں کا ٹیکس دہندگان کے طور پر اندراج کرایا گیا ہے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کی درآمدات تین ارب ڈالر سے تجاوز کرگئی ہیں۔