کھیل

بنگلہ دیشی ٹیم دورہ پاکستان پر سیکیورٹی کنسلٹنٹ رکھنا چاہتی ہیں تو یہ ان کا حق ہے، پی سی بی

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے رواں ماہ شیڈول دورہ پاکستان کے لیے ٹیم کے سیکیورٹی کنسلٹنٹ رکھنے کی درخواست کی تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے سیکیورٹی کنسلٹنٹ کی مانگ پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیموں کے ساتھ سیکیورٹی کنسلٹنٹ ہونا ایک عام سی بات ہے۔

پی سی بی کے مطابق ٹیم کے ساتھ سیکیورٹی کنسلٹنٹ کا ہونا عام بات ہے اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور باہمی سیریز میں بھی ٹیمیں سیکیورٹی مینیجر ساتھ رکھتی ہیں۔

بورڈ نے کہا کہ اگر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ پاکستان کے دورے پر سیکیورٹی کنسلٹنٹ رکھنا چاہتی ہیں تو یہ ان کا حق ہے لیکن ابھی تک ان کی جانب سے ایسی کوئی درخواست نہیں کی گئی۔

پی سی بی نے پچھلے ماہ بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کو سیکیورٹی منصوبہ بتایا تھا جس پر مہمان بورڈ نے رضامندی ظاہر کی تھی۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے حکام نے کہا تھا کہ انہوں نے اپنی حکومت سے دورہ پاکستان کے دوران سیکیورٹی کنسلٹنٹ فراہم کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ وہ سیکیورٹی کے حوالے سے پاکستانی حکام سے رابطے میں رہے۔

بنگلہ کرکٹ بورڈ کے کرکٹ آپریشن کے چیئرمین جلال یونس نے کہا تھا کہ پاکستان کی جانب سے ایشیا کپ میں بہترین سیکیورٹی فراہم کی گئی تھی اور ان کی جانب سے ایک مرتبہ پھر اسی طرح کی سیکیورٹی کی فراہمی کی یقین دہانی پر ہم نے دورہ پاکستان کی حامی بھری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دورہ پاکستان کے حوالے سے کسی کھلاڑی نے کوئی اعتراض نہیں کیا اور دورہ شیڈول کے مطابق ہو گا۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش کی ٹیم دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرے گی جہاں یہ سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہے۔

بنگلہ دیش کی ٹیم 17 اگست کو پاکستان پہنچے گی جس کے بعد سیریز کا پہلا ٹیسٹ 21 سے 25 اگست تک راولپنڈی جبکہ دوسرا ٹیسٹ 30 اگست سے 3ستمبر تک کراچی میں کھیلا جائے گا۔