لائف اسٹائل

سید نور نے فلم کے سیٹ پر بےعزت کیا، میری جگہ صائمہ کو کاسٹ کرنے لگے، ریشم

سید نور کے خراب رویے کی وجہ سے ہی فلموں میں کام کرنا چھوڑ دیا تھا، صائمہ کے ساتھ فلم میں کاسٹ کرکے مختصر کردار دیے جاتے تھے، اداکارہ

ماضی کی مقبول فلمی ہیروئن ریشم نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے فلمی کیریئر کو تباہ اور ختم کرنے میں سید نور کا ہاتھ ہے کیوں کہ انہوں نے انہیں کاسٹ کرنے کے بجائے صائمہ کو کاسٹ کرنا شروع کردیا تھا۔

حال ہی میں ریشم نے احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اپنے پاؤں پر خود کلہاڑی نہیں ماری بلکہ سید نور نے ان کے پیروں پر کلہاڑی ماری۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے کیریئر کے دوران متعدد خراب فلمیں اور خراب پرفارمنس بھی کی اور ساتھ ہی کہا کہ ہر اداکار بری اداکاری کرتا ہے۔

ریشم کے مطابق وہ تسلیم کرتی ہیں کہ ان کی تمام پرفارمنس اچھی نہیں تھی لیکن باقی اداکار اپنی خراب پرفارمنس کو تسلیم نہیں کرتے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ فلم ساز سید نور کے خراب رویے کی وجہ سے ہی انہوں نے فلموں میں کام کرنا چھوڑ دیا تھا کیوں کہ انہیں لگا کہ فلم ساز جان بوجھ کر ان کا کیریئر خراب کر رہے ہیں۔

ان کے مطابق سید نور ہی انہیں فلم انڈسٹری میں لائے تھے اور ان کے مزاج کے وہی فلم ساز تھے لیکن بعد ازاں انہوں نے ان کی جگہ صائمہ کو کاسٹ کرنا شروع کردیا کیوں کہ وہ ان سے محبت کرنے لگے تھے اور بعد ازاں ان سے شادی بھی کرلی۔

انہوں نے کہا کہ محبت کرنی چاہیے اور صائمہ بہت ہی خوبصورت خاتون اور اچھی اداکارہ بھی رہی ہیں، ان کی دوستی بھی رہی ہے لیکن سید نور نے ان کی جگہ انہیں کاسٹ کرنا شروع کردیا جو کہ غلط بات ہے۔

ریشم نے دلیل دی کہ پنجابی فلموں میں صائمہ کو کاسٹ کرنا اچھا آپشن تھا لیکن اردو فلموں میں ان کی ہی جگہ بنتی تھی لیکن سید نور نے ان کے بجائے صائمہ کو ہی اردو فلموں میں لیا۔

انہوں نے بتایا کہ بعد ازاں سید نور نے صائمہ کے ساتھ بھی انہیں کاسٹ کرنا شروع کیا لیکن انہیں مختصر کردار دیے جاتے یا ان سے گانوں پر پرفارمنس کروائی جاتی جب کہ مرکزی کردار صائمہ کا ہی ہوتا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایک بار سید نور نے انہیں فلم کی شوٹنگ کے دوران بھی بے عزت کیا لیکن اسی سیٹ پر ہی پروڈیوسر نے اداکارہ کو ایڈوانس پیسے دینے کی ہدایت کی، جس پر سید نور پریشان ہوگئے۔

ریشم نے بتایا کہ سید نور نے انہیں سب کے سامنے سیٹ پر کہا کہ انہیں کون فلموں میں کاسٹ کرتا ہے؟ انہیں آتا کیا ہے؟ لیکن اسی شوٹنگ سیٹ پر پروڈیوسر نے انہیں ایڈوانس رقم دے کر فلم میں کام کرنے کا کہا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کا کیریئر ختم کرنے میں سید نور کا کردار رہا ہے لیکن انہوں نے کبھی ان سے شکوہ نہیں کیا، کیوں کہ وہ ہی انہیں انڈسٹری میں لائے تھے اور وہ ان کی عزت کرتی ہیں۔

ریشم نے اسی پوڈکاسٹ میں ماضی کی مقبول اداکاراؤں ریما اور میرا سمیت دیگر کے ساتھ لڑائی اور اختلافات پر بھی بات کی جب کہ شادی کے حوالے سے بھی لب کشائی کی۔

میرا اصل نام ریشم نہیں، ادکارہ کا کئی دہائیوں بعد انکشاف

خلیل الرحمٰن قمر معروف اداکاروں پر تنقید کرکے شہرت حاصل کرتے ہیں، ریشم

ڈپریشن کا کوئی تصور نہیں، یہ اللہ سے دوری کا نام ہے، ریشم