پاکستان

پاک بمقابلہ بنگلہ دیش: پہلے ٹیسٹ کے بقیہ دو دنوں کے لیے شائقین کا داخلہ مفت کردیا گیا

تاہم پی سی بی گیلری یا پلاٹینم باکس کے لیے خریدے گئے ٹکٹوں پر مفت داخلے کی پالیسی نافذ نہیں ہوگی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاک- بنگلہ دیش ٹیسٹ سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے بقیہ دو دنوں کے لیے گراؤنڈ میں شائقین کا داخلہ مفت کردیا۔

یہ فیصلہ ویک اینڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے جس سے فیملیز اور طلبہ کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں اپنے کرکٹ اسٹارز کو سپورٹ کرنے اور دونوں ٹیموں کے درمیان کھیل دیکھنے کا موقع مل سکے گا۔

تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخل ہونے کے لیے اپنا اصل شناختی کارڈ یا ب فارم لانا ہوگا اور وہ کسی بھی وی آئی پی انکلوژرز (عمران خان اور جاوید میانداد) (صرف فیملیز کے لیے) اور پریمیم انکلوژرز ( میراں بخش، شعیب اختر، سہیل تنویر اور یاسر عرفات ) میں سے ایکشن کو مفت دیکھ سکیں گے۔

تاہم پی سی بی گیلری یا پلاٹینم باکس کے لیے خریدے گئے ٹکٹوں پر مفت داخلے کی پالیسی نافذ نہیں ہوگی۔

جن شائقین نے پہلے ہی چوتھے اور پانچویں دن کے ٹکٹ خرید رکھے ہیں انہیں رقم واپس مل جائے گی، آن لائن خریدے گئے ٹکٹ خود بخود خریداری کے لیے استعمال کیے گئے کریڈٹ/ڈیبٹ کارڈ میں واپس کر دیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ ایکسپریس سینٹرز سے خریدے گئے ٹکٹوں کے لیے شائقین سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ رقم کی واپسی کے لیے اپنا اصل ٹکٹ سینٹر پر لائیں۔

شائقین کی مزید سہولت کے لیے میچ کے دنوں میں دو روٹس پر مفت شٹل بس سروس چلتی رہے گی تاکہ شائقین کے لیے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم تک رسائی میں آسانی ہو۔

روٹ 1 ایوی ایشن گراؤنڈ راول روڈ، مری روڈ سے علامہ اقبال پارک کے داخلی دروازے تک چلے گا جبکہ روٹ 2 گورنمنٹ سیٹلائٹ ٹاؤن کالج فار بوائز، سکستھ روڈ، مری روڈ سے علامہ اقبال پارک کے داخلی دروازے تک جائے گا۔