پاکستان

آئی جی سندھ پر مبینہ کرپشن الزامات پر ایس ایچ او زمان ٹاؤن معطل

آئی جی سندھ نے زمان ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او محمد اشرف اعوان کی تنزلی کرتے ہوئے انہیں اسسٹنٹ سب انسپکٹر کے عہدے پر واپس بھیج دیا۔

آئی جی سندھ غلام نبی میمن پر مبینہ طور پر کرپشن کے الزامات لگانے پر ایس ایچ او زمان ٹاؤن کو معطل کردیا گیا۔

ایس ایس پی کورنگی توحید رحمن میمن کی جانب سے جاری کیے بیان میں کہا گیا کہ ضلع کورنگی کے زمان ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او محمد اشرف اعوان کی تنزلی کرتے ہوئے اسسٹنٹ سب انسپکٹر کے عہدے پر واپس بھیج دیا گیا ہے اور ان کے اس عمل کی انکوائری کے لیے فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔

سرککاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ معطلی کے دوران پولیس افسر محمد اشرف اپنی تنخواہ اور الاؤنسز کو وصول کر سکیں گے اور ایس ایس پی ضلع کورنگی میں روزانہ رول کال میں شرکت کریں گے۔

اعلامیے میں ایسی سخت کارروائی کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایس ایچ او نے الزام لگایا ہے کہ آئی جی سندھ پولیس ’گٹکا اور ماوا‘ کے کاروبار کے لیے ’رشوت‘ لے رہے ہیں۔

کورنگی پولیس کے ترجمان نے ایک بیان میں بتایا کہ ایس ایس پی توحید رحمٰن میمن نے نجی ٹی وی چینل کی جانب سے ایس ایچ او زمان ٹاؤن سے منسوب نشر ہونے والی خبر کا نوٹس لے لیا ہے۔

ایس پی شاہ فیصل ہٹائے گئے ایس ایچ او کے خلاف انکوائری کریں گے اور انکوائری کے نتائج کے بعد اصل حقائق سامنے آئیں گے۔

ایس ایس پی غلام نبی میمن نے اعلان کیا کہ سندھ پولیس کی جانب سے گٹکا اور ماوا کے خلاف ٹھوس کارروائی کی جا رہی ہے۔