پاکستان

کراچی کیلئے بجلی مزید 3 روپے 9 پیسے مہنگی کرنے کی تیاری

کے الیکٹرک نے جولائی کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کی درخواست نیپرا میں دائر کر رکھی ہے۔

نیشنل پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کراچی کے شہریوں کے لیے بجلی 3 روپے 9 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست پر کل سماعت کرے گا۔

ڈان نیوز کے مطابق کے الیکٹرک نے جولائی کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی فی یونٹ 3 روپے 9 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست نیپرا میں دائر کر رکھی ہے جس کی سماعت کل ہوگی۔

نیپرا کی جانب سے من و عن اضافے کے بعد کے الیکٹرک صارفین پر 6 ارب 20 کروڑ 60 لاکھ روپے کا بوجھ پڑے گا۔

یاد رہے کہ نیپرا مئی اور جون کی ایڈجسٹمنٹس میں کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی مہنگی کرچکا ہے، کے الیکڑک صارفین کے لیے مئی اور جون کی ایڈجسٹمنٹ میں مجموعی طور پر بجلی 5 روپے 76 پیسے مہنگی کی گئی۔

نیپرا نے گذشتہ ہفتے ماہانہ ایڈجسٹمنٹس میں کے الیکٹرک کے لیے بجلی مہنگی کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

نیپرا کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹی فکیشن کے مطابق مئی کی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 2 روپے 59 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی تھی۔

جب کہ کراچی کے صارفین کے لیے جون کی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 3 روپے 17 پیسے مہنگی کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ نیپرا کی جانب سے کے الیکٹرک صارفین سے مئی اورجون کی ایڈجسٹمنٹ کے تحت کیے جانے والا اضافہ اکتوبر اور نومبر 2024 کے بلز میں وصول کیا جائے گا۔

اس سے قبل، نیشنل پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے جولائی کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے لیے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی ( سی پی پی اے) کی جانب سے جمع کروائی گئی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔