پاکستان

عراقی حکومت کی ناقص امیگریشن پالیسی، ہزاروں پاکستانی بغداد ایئرپورٹ پر محصور

ہنگامی طور پر خصوصی پروازوں سے پاکستانیوں کی فوری واپسی کو یقینی بنایا جائے، زائرین کی استدعا

عراق حکومت کی ناقص امیگریشن پالیسی اور عراقی ائیر لائن کے جہازوں کی عدم دستیابی کے سبب ہزاروں پاکستانی بغداد ایئرپورٹ پر محصور ہوگئے۔

ڈان نیوز کے مطابق پاکستانی زائرین کی بڑی تعداد گزشتہ 24 گھنٹے سے ایئرپورٹ پر محصور ہیں جبکہ عراقی ایئر لائن ان کو واپس لانے کے لیے کوئی خصوصی پرواز چلانے پر تیار نہیں۔

یورپ سمیت دیگر مغربی ممالک سے آنے والے افراد جو پاکستانی پاسپورٹ پر عراق سفر کررہے ہیں عراقی امیگریشن کی زیادتیوں کے سبب اپنی فلائٹس مس کر چکے ہیں۔

زائرین نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان ناانصافیوں پر عراقی حکومت سے احتجاج کریں اور ہنگامی طور پر خصوصی پروازوں سے پاکستانیوں کی فوری واپسی کو یقینی بنایا جائے۔