پاکستان

نواز شریف نے مہنگائی کا ذمہ دار عمران خان کو قرار دے دیا

گھریلو صارفین کو ریلیف دے چکے اب صنعتی صارفین کے لیے ریلیف کے ذرائع تلاش کررہے ہیں، سابق وزیر اعظم نواز شریف کا مشاورتی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف نے مہنگائی کا ذمہ دار بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو قرار دے دیا۔

لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے اہم مشاورتی اجلاس کی صدر نواز شریف کی جانب سے کی گئی تھی۔

ہنگامی مشاورتی اجلاس میں وزیر اعظم شہبازشریف نے نئی حکومتی معاشی پالیسی کے بارے میں شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی۔

ہنگامی مشاورتی اجلاس سے خطاب میں نواز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے عوام کو مہنگی بجلی اور مہنگائی کے دلدل میں دھکیل دیا ہے، مسلم لیگ (ن) ہی عوام کو بجلی کے بھاری بلوں سے نجات دلائے گی۔

اجلاس سے خطاب میں سابق وزیر اعظم نے دعویٰ کیا کہ (ن) لیگ ملک کی واحد جماعت ہے جو مشکل ترین حالات میں عوام کو ریلیف دینا جانتی ہے، نواز شریف کا دوران اجلاس مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن ہی عوام کوبجلی کے بھاری بلز سے نجات دلائےگی۔

نواز شریف نے اپنی ترجیحات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ معیشت کو اپنے پاوں پر کھڑا کرنا اولین ترجیح ہے، بجلی کے بلوں ،معیشت کی مضبوطی کےلیے جو کچھ کرنا پڑا وہ ضرور کریں گے۔

بجلی کے ریلیف سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ گھریلو صارفین کو ریلیف دے چکے اب صنعتی صارفین کے لیے ریلیف کے ذرائع تلاش کررہے ہیں۔

دوران اجلاس شرکا نے پنجاب میں بجلی کے بلوں پر ریلیف دینے پر نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔

شرکا کا کہنا تھا حقیقی لیڈر شپ کا یہی تقاضا ہے کہ عوام کو ریلیف دیاجائے۔