پاکستان

وزیر اعظم کا پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار

وزیراعظم شہباز شریف کی راولپنڈی میں آرمی وار گیم کے اختتامی اجلاس میں شرکت، پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں اسٹریٹیجک استحکام کے ساتھ ساتھ جوہری جنوبی ایشیا میں قیام امن اور طاقت کا توازن برقرار رکھنے کے حوالے سے مسلح افواج کے کلیدی کردار کو تسلیم کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے راولپنڈی میں آرمی وار گیم کے اختتامی اجلاس میں شرکت کی۔

وزیر اعظم کو حال ہی میں ختم ہونے والے وار گیم اور خطرات سے نمٹنے کے حوالے سے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔

تقریب میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اطلاعات عطا تارڑ، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور اعلیٰ عسکری حکام نے شرکت کی۔

وزیراعظم نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں اسٹریٹیجک استحکام کے ساتھ ساتھ جوہری جنوبی ایشیا میں قیام امن کے لیے ضروری ایٹمی طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے کے حوالے سے مسلح افواج کے کلیدی کردار کو تسلیم کیا۔

انہوں نے روزگار کے جدید تصورات اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات کی بھی تعریف کی جن کا مقصد ڈیٹرنس نظام کو بڑھانا ہے جو جارحیت کی صورت میں کسی بھی مخالف کے خلاف بھرپور جوابی کارروائی کو یقینی بنائے گی۔

عسکری قیادت نے قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے ہر قیمت پر تحفظ کے لیے اپنے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ پاک فوج موجودہ سیکیورٹی چیلنجز سے پوری طرح باخبر ہے اور پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کے جارحانہ عزائم کو ناکام بنانے کے لیے اپنی صلاحیتوں میں اضافہ جاری رکھے گی۔