پاکستان

پی ٹی آئی کے 487 متحرک کارکنوں، رہنماؤں کی نظر بندی کے احکامات واپس

پولیس نے جلسہ کے دوران 100 سے زائد کارکنوں کو حراست میں لیا اور نظربندی کے تحت جیل بھیج دیا، جنہیں اب رہا کردیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) لاہور نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 487 متحرک کارکنوں اور رہنماؤں کے نظر بندی کے احکامات واپس لے لیے جب کہ جلسے کے دوران 100 سے زائد گرفتار کارکنوں کی رہائی کا حکم بھی دے دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق کارکنوں کی نظر بندی کے احکامات لاہور پولیس کی درخواست پر جاری کیے گئے تھے، ڈی سی لاہور کی ہدایات پر نظر بندی کینسل کردی گئی۔

گزشتہ روز پی ٹی آئی کے کاہنہ روڈ کے کنارے مویشی منڈی میں ہونے والے جلسے کے دوران پولیس نے 100 سے زائد کارکنوں کو حراست میں لیا اور زیر حراست افراد میں سے متعدد کو نظر بندی کے تحت جیل بھجوا گیا تاہم نظر بندی کے احکامات واپس لیے جانے پر تمام افراد کو رہا کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ ڈی سی لاہور کی جانب سے 30 دن کی نظر بندی کے احکامات 17، 19 اور 20 ستمبر کو جاری کیے گئے تھے۔