پاکستان

صہیونی لابی عمران خان کو پاکستان پر دوبارہ مسلط کرنےکی کوشش کر رہی ہے،احسن اقبال

حال ہی میں یروشلم پوسٹ میں ایک مضمون شائع ہوا، اسرائیلی اخبار کے مطابق بانی پی ٹی آئی پاکستان میں واحد قابل قبول شخص ہیں، وفاقی وزیر منصوبہ بندی

وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم جان چکی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے پروجیکٹ کا ماسٹر مائنڈ کون تھا، صہیونی لابی انہیں پاکستان پر دوبارہ مسلط کرنےکی کوشش کر رہی ہے۔

پنجاب کے ضلع نارووال میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حال ہی میں یروشلم پوسٹ میں ایک مضمون شائع ہوا، اسرائیلی اخبار کے مطابق بانی پی ٹی آئی پاکستان میں واحد قابل قبول شخص ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اسلامی ٹچ دے کر عوام میں اپنا تشخص قائم کیا، جس کا مقصد پاکستان اور اسرائیل کے تعلقات استوار کرنا ہے، حال ہی میں اسرائیل کے میڈیا میں بانی پی ٹی آئی کے حق میں تیسرا آرٹیکل شائع ہوا ہے، یروشلم پوسٹ میں شائع مضمون بانی پی ٹی آئی کے حق میں عالمی میڈیا میں جاری مہم کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مضمون میں لکھا گیا ہے کہ اسرائیل کو اپنے مقاصد کے لیے پاکستانی قیادت میں تبدیلی لانا ہو گی، پاکستان کو معاشی،سماجی اور سیاسی طور پرکمزور کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ ریاست پاکستان اور ریاستی اداروں کے خلاف اس طرح کی مہم پہلے کبھی نہیں چلائی گئی، بانی پی ٹی آئی کی ایما پر ان کا سوشل میڈیا ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف اپنی مذموم مہم چلا رہا ہے، بانی پی ٹی آئی نے 2013 سے اپنی نفرت انگیز مہم شروع کر رکھی ہے، لوگوں کو گمراہ کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر نفرت انگیز ایجنڈے کا پرچار کیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ملکی معیشت کو ایک مرتبہ پھر سبوتاژ کرنے کی کوششیں جاری ہیں، آج پاکستان کی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور مہنگائی کم ہو رہی ہے، ہمارے معاشی اعشاریے اور اسٹاک مارکیٹ بہتر ہو رہی ہے، بانی پی ٹی آئی کے جلسے جلوس اور دھرنے سی پیک کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پہلے چینی صدر کے دورہ کے موقع پر دھرنا دیااور اب پاکستان میں ایس سی او کانفرنس منعقد ہو رہی ہے تو ایک مرتبہ پھر سے جلسے، جلوس اور انتشاری سیاست شروع کر دی گئی ہے، نفرت کی سیاست سے پاکستان میں بدترین تقسیم پیدا کی گئی ہے،بانی پی ٹی آئی کی دوغلی پالیسی ہے، ایک جانب امریکہ سے مدد طلب کی جاتی ہے تو دوسری جانب امریکا پر تنقید کی جاتی ہے۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ ملک کی سیاسی اور عسکری قیادت ریاست کے خلاف انتشار پر مبنی کارروائیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی، عوام کے شکر گزار ہیں جنہوں نے لاہور جلسہ کو بری طرح مسترد کر دیا، بانی پی ٹی آئی سے کہتا ہوں کہ بہت ہو گیا، اب ملک ترقی کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ گولڈ اسمتھ خاندان کے ساتھ بانی پی ٹی آئی کا رشتہ بہت مضبوط ہے، بانی پی ٹی آئی نے پاکستانیوں سے تعلق توڑ کر گولڈ اسمتھ خاندان سے تعلق جوڑا ہوا ہے، بانی پی ٹی آئی نے پاکستانی نژاد امیدوار کے خلاف باقاعدہ الیکشن مہم چلائی تھی کہ میئر لندن کیلئے صادق خان کو ووٹ نہ دیئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر اسرار احمد اور حکیم سعید کی بانی پی ٹی آئی کے بارے میں دہائیوں قبل کی جانے والی پیش گوئیاں سچ ثابت ہو رہی ہیں۔

حکومتی اقدامات سے معاشی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی، احسن اقبال

عمران خان فائیو اسٹار ہوٹل جیسی جیل کاٹ رہے ہیں، احسن اقبال

مہنگی بجلی کا مسئلہ دھرنوں سے حل ہونے والا نہیں، احسن اقبال