پاکستان

لاہور: گردن پر پتنگ کی ڈور پھرنے سے نوجوان شدید زخمی، وزیر اعلیٰ پنجاب کا نوٹس

مریم نواز نے آئی جی پنجاب پولیس سے رپورٹ طلب کر تے ہوئے کہا کہ سخت احکامات کے باوجود ڈور پھرنے کا واقعہ انتہائی افسوناک ہے۔

پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں گردن پر ڈور پھرنے سے نوجوان شدید زخمی ہوگیا جب کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق واقعہ صوبائی دارالحکومت کے علاقے کاہنہ میں پیش آیا جب کہ زخمی نوجوان کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے فوری مقامی ہسپتال میں پہنچا دیا گیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے واقعہ کا نوٹس لیتے انسپکٹر جنرل (آئی جی ) پنجاب پولیس سے رپورٹ طلب کر لی اور زخمی موٹر سائیکل سوار اور بچوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔

مریم نواز نے کہا کہ سخت احکامات کے باوجود ڈور پھرنے کا واقعہ انتہائی افسوناک ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل پنجاب کے شہر فیصل آباد میں پتنگ کی دوڑ گلے پر پھرنے سے 22 سالہ موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہوگیا تھا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نوجوان کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے پابندی کے باوجود پتنگ بازی کے واقعات پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب بھر میں خونی کھیل کے سدباب کے لیے مہم شروع کرنے کا حکم دے دیا تھا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پتنگ بازی پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن کے لیے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا تھا۔